میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے

جرات ڈیسک
جمعرات, ۹ جون ۲۰۲۲

شیئر کریں

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کراچی کے علاقہ خداداد کالونی میں اپنے گھر میں مردہ پائے گئے۔ ڈاکٹر عامر لیاقت کے ملازم جاوید نے بتایا ہے کہ عامر لیاقت کا انتقال ہو گیا ہے۔ عامر لیاقت کے ڈرائیور نے عامر لیاقت کے کمرے کا بند دروازہ 10 سے15 منٹ تک کھٹکھٹایا اور دروازہ توڑ کر کمرے میں داخل ہوئے اور بعد ازاں پولیس اور ریسکیو ٹیموں کو اطلاع دی۔ ملازم کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے کمرے سے چیخ کی آواز آئی تھی۔ ملازم کے مطابق وہ کمرے میں پہنچا تو ڈاکٹر عامر لیاقت تکلیف میں تھے اور انہیں دل میں تکلیف ہورہی تھی۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو ایمبولینس کے ذریعے کراچی کے ایک نجی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال انتظامیہ نے بھی ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال کی تصدیق کردی۔ ڈاکٹرز کے مطابق ڈاکٹر عامر لیاقت کو مردہ حالت میں ہی ہسپتال لایا گیا تھا۔ ڈاکٹر عامر لیاقت کی موت کی وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے میں دو سے تین روز کا وقت لگ سکتا ہے۔ جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی اجلاس کے دوران بتایا کہ افسوسناک خبر ہے کہ ہمارے اس ایوان کے معزز رکن ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا انتقال ہو گیا ہے اوراس وجہ سے قومی اسمبلی اجلاس کی کارروائی فوری طور پر روکنی چاہیئے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس کی کارروائی آج (جمعہ) شام پانچ بجے تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ عامر لیا قت حسین پانچ جولائی 1971 کو پیداہوئے۔ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین پہلی مرتبہ 2002سے2007 تک ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر رکن قومی اور وزیر مملکت برائے مذہبی امور بھی رہے۔ جبکہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین 2018کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں