امتحانی مراکز پر چھاپے،7امیدوارنقل کرتے پکڑے گئے
شیئر کریں
چیئرمین انٹر بورڈ کا ضلع وسطی کے مختلف امتحانی مراکز کا اچانک ہنگامی دورہ
بڑے پیمانے پر نقل کی کوششوں کو ناکام بنادیا، امیدواروں سے موبائل فونز برآمد
انٹر بورڈ کی سپر ہائی پاور ویجیلنس ٹیم نے اچانک دورے کے دوران 7 امیدواروں کو موبائل فونز کے ذریعے نقل کرتے ہوئے پکڑلیا۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین انٹر بورڈ پروفیسر فقیر محمد لاکھو کی سربراہی میں ہائی پاور سپر ویجیلنس ٹیم نے ضلع وسطی کے مختلف امتحانی مراکز کا ہنگامی دورہ کیا۔اس دوران بڑے پیمانے پر نقل کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے امیدواروں سے موبائل فونز برآمد کر لیے گئے۔ویجیلنس ٹیم نے دورانِ معائنہ گورنمنٹ کالج برائے طلبہ ناظم آباد سے امتحان کے دوران 8 امیدواروں کے قبضے سے موبائل فونز برآمد ہوئے جبکہ امتحانی مرکز سے 7 امیدواروں کو موبائل فونز کے ذریعے نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا۔چیئرمین انٹر بورڈ کا کہنا تھا کہ نقل کرنے والے تمام امیدواروں کی امتحانی کاپیاں فوری طور پر ضبط کر لی گئی ہیں۔ یہ تمام کیسز مزید قانونی و تادیبی کارروائی کے لیے بورڈ آفس کی ان فیئر مینز کمیٹی کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔دورے کے دوران کالج عملے نے ویجیلنس ٹیم کو امتحانی عمل میں بیرونی مداخلت کے حوالے سے شکایات کیں۔اس صورتحال پر فوری ایکشن لیتے ہوئے چیئرمین انٹر بورڈ نے شپ اونر کالج کے باہر پولیس کی دو موبائلیں تعینات کروا دیں تاکہ امتحانی شفافیت کو برقرار رکھا جا سکے۔اس خصوصی دورے میں چیئرمین انٹر بورڈ کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد نعمت اللہ چاچڑ اور سپلا کے مرکزی صدر منور عباس بھی موجود تھے، جنہوں نے امتحانی مراکز میں نظم و ضبط کا معائنہ کیا۔


