
بھارتی جارحیت پر بھرپور جوابی کارروائیوں کا فیصلہ
شیئر کریں
ڈرون حملوں میں شہید ایک ایک پاکستانی کے خون کا حساب لیا جائے گا، فورم
ہمیں اپنی پاک فوج پر فخر ہے ،ہم ہر حالات کے لیے تیار ہیں، شہبازشریف
وزیراعظم محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں بھارتی جارحیت پر بھرپور جوابی کارروائیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جمعرات کو وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت سیکیورٹی سے متعلق اجلاس میں بھارتی جارحیت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں اعلیٰ سول اور عسکری قیادت ،وفاقی وزرا اور سیکیورٹی حکام بھی شریک ہوئے ،اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف بھی اجلاس میں شرکت کے لیے وزیراعظم ہاؤس پہنچے ۔اجلاس میں سیکیورٹی حکام کی جانب سے اجلاس کے شرکا کو بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں بھارتی جارحیت اور اشتعال انگیزی پر بھرپور جوابی کارروائیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شرکا کو ڈرون حملوں اور پاکستانی ردعمل سے بھی آگاہ کیا گیا۔پاکستانی قیادت نے بھارتی حملوں کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بھارت کے 25 اسرائیلی ڈرون مار گرائے گئے ۔فورم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈرون حملوں میں شہید ہونے والوں کا بدلہ لیا جائے گا، ایک ایک پاکستانی کے خون کا حساب لیا جائے گا۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ، ہمیں اپنی پاک فوج پر فخر ہے اور ہم ہر حالات کے لیے تیار ہیں، پاکستان نے بھارت کے ڈرون اور جہاز مار گرائے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے وقار اور عزت سے امن کے لیے پر عزم ہے ، پاک افواج دشمن کے عزائم ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے ، دشمن کو خود ارادیت، علاقائی سالمیت پر حملے اور سلامتی کی خلاف ورزی کا جواب ملے گا۔