پروڈیوسرز پر والد کے سوا کروڑ واپس دلوانے کیلئے گینگسٹر نے مدد کی پیشکش کی، بیٹا امجد خان
شیئر کریں
بالی ووڈ کے عہد ساز ولن مرحوم امجد خان کے بیٹے شاداب خان نے انکشاف کیا کہ والد کے انتقال کے بعد بیرون ملک گینگسٹرز نے اہلِ خانہ کو پروڈیوسر پر والد کے سوا کروڑ روپے دلوانے کے لیے پیشکش کی تھی۔ والد کے انتقال کے بعد اپنے خاندان کی مالی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے امجد خان کے بیٹے شاداب خان نے بتایا کہ ان کے والد اپنے پیسے بینکوں میں نہیں رکھوایا کرتے تھے بلکہ دوستوں کو دے دیتے یا پھر فلمی پروڈیوسرز ان کے پاس مختلف جھوٹی سچی کہانیاں بناتے ہوئے آتے اور اپنے گھروں کی چابیاں تک رکھوانے کا کہہ کر ان سے رقم لے جاتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ والد کے انتقال کے بعد زیادہ تر افراد نے یہ رقوم نہیں لوٹائی، ہمارا خاندان سخت مشکل میں تھا۔ شاداب خان کا کہنا تھا کہ جب ان کے والد کا انتقال ہوا تو کئی فلموں کے پروڈیوسرز والد کے سوا کروڑ روپے کے مقروض تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال پر مشرق وسطیٰ میں موجود ایک انڈر ورلڈ ڈان نے میری والدہ کو فون کر کے پیشکش کی کہ اگر آپ چاہیں تو ایک کروڑ 25 لاکھ کی یہ رقم آپکو 3 دن میں واپس مل جائے گی، تاہم والدہ نے سخت مالی پریشانیوں کے باوجود اس پیشکش کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے مشکل راستہ تو اختیار کیا لیکن انڈر ورلڈ سے مدد لینے سے انکار کردیا۔یادر ہے کہ لیجنڈری اداکار امجد خان صرف 51 برس کی عمر میں جولائی 1992 میں انتقال کر گئے تھے۔ انہوں نے پسماندگان میں بیوہ شائیلا خان کے علاوہ تین بچے شاداب خان، اہلام خان اور سیماب خان کو چھوڑا تھا۔ 1975 میں فلم شعلے سے اپنے بالی ووڈ کیریئر کا آغاز کرنے والے امجد خان نے 132 فلموں میں کام کیا جن میں مقدر کا سکندر، شطرنج کے کھلاڑی، ضمانت، پرورش، مسٹر نٹور لعل، قربانی، یارانہ اور چمیلی کی شادی جیسی فلمیں شامل تھیں۔