سینٹ اجلاس سے قبل تمام سینیٹرز کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروائیں گے ، ایس او پیز جاری
شیئر کریں
سینیٹ اجلاس سے قبل ایس او پیز جاری کردیئے گئے ، جس کے مطابق اجلاس سے قبل تمام سینیٹرز کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروائیں گے ۔ایس او پی کے مطابق پارلیمنٹ لاجز کی ڈسپنسری میں کورونا ٹیسٹ کی سہولت موجود ہے ، سینیٹرز کے ہمراہ کسی کو پارلیمنٹ ہائوس میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ایس او پیز کے مطابق وزراء اور وزراء مملکت کے ہمراہ صرف ایک شخص پارلیمنٹ آ سکے گا، وزارتوں سے گریڈ 20 سے اوپر کا ایک افسر اجلاس میں شرکت کر سکے گا۔پارلیمنٹ ہائوس میں داخلے سے قبل تمام سینیٹرز کی تھرمل گن اسکریننگ ہوگی۔ایس او پیز کے مطابق پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن 10 سے 12رپورٹرز اجلاس کوریج کیلئے نامزد کرے گی۔سینیٹ ہال میں صرف قائد ایوان، قائد حزب اختلاف، وزرا اور پارلیمانی لیڈرز کے لیے نشستیں مختص کر دی گئی ہیں۔ایس او پیز کے مطابق باقی سینیٹرز دیگر دستیاب نشستوں پر بیٹھ سکتے ہیں، جبکہ تمام سینیٹرز گلوز، ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال کریں گے جو ان کی نشستوں پر دستیاب ہوگا۔