عمران اسماعیل اور عامر کیانی کے خلاف راولپنڈی میں مقدمہ درج
شیئر کریں
سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور سابق وفاقی وزیر صحت عامر کیانی کے خلاف اینٹی کرپشن راولپنڈی میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ عمران اسماعیل اور عامر کیانی پر غیرمنظور شدہ سوسائٹی کا نام تبدیل کرکے جعل سازی اور فراڈ کا الزام ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے غیر منظورسوسائٹی کا نام تبدیل کرکے جعلسازی اور فراڈ کیا، ملزمان نے نجی سوسائٹی کے این او سی کیلئے انتقال کے کاغذات داخل کرائے، جو انتقال داخل کروایا گیا، وہ تاحال منظور ہی نہیں ہوا۔ مقدمہ میں عباد رسول قریشی، محمود باقی مولوی، عامر کیانی کے بیٹے فہد کیانی، حسن حمید، وقاص عزیذ قریشی، پٹواری راجہ محمد اشفاق، محمد سلیم اختر اور عاصم عزیز کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ متن کے مطابق ملزمان نے غیر منظور شدہ سوسائٹی کا نام تبدیل کر کے سادہ لوح لوگوں سے جعل سازی اور فراڈ کیا، ملزمان کے ساتھیوں کا تفتئش میں سراغ لگایا جائے گا۔ دوسری جانب مقدمہ کے اندراج کے بعد اینٹی کرپشن راولپنڈی نے پٹواری راجہ اشفاق اور سلیم اختر کو گرفتار کر لیا۔