میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
دُہری شہریت کیس میں فیصل واوڈا نا اہل قرار

دُہری شہریت کیس میں فیصل واوڈا نا اہل قرار

جرات ڈیسک
بدھ, ۹ فروری ۲۰۲۲

شیئر کریں

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے دُہری شہریت کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اور سابق وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کو نا اہل قرار دے دیا، فیصل واوڈا پر الزام تھا کہ انہوں نے 2018 کے عام انتخابات میں کراچی سے قومی اسمبلی کی نشست پر الیکشن لڑتے ہوئے اپنی دُہری شہریت کو چھپایا تھا۔ ای سی پی نے فیصل واوڈا کے خلاف دُہری شہریت پر نااہلی کی درخواست کا فیصلہ 23 دسمبر 2021 کو محفوظ کیا گیا تھا۔محفوظ شدہ فیصلہ بدھ کو سناتے ہوئے الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کو بطور رکن قومی اسمبلی حاصل کی گئی تنخواہ اور مراعات واپس کرنے کا حکم دیا۔ ای سی پی نے فیصل واوڈا کے بطور سینیٹر منتخب ہونے کا نوٹیفکیشن بھی واپس لے لیا۔ فیصلے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا کہ فیصل واوڈا نے جھوٹا بیان حلفی جمع کروایا تھا، بطور رکن قومی اسمبلی سینیٹ الیکشن میں دیا گیا ووٹ بھی غلط کاسٹ کیا گیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ سماعت کے دوران ای سی پی بینچ کی جانب سے فیصل واوڈا کو اپنے دفاع کے لیے آخری موقع دیا گیا تھا۔ سماعت کے دوران فیصل واوڈا کے وکیل بیرسٹر معید نے ان کا پیدائشی سرٹیفکیٹ الیکشن کمیشن میں جمع کروایا اور بتایا تھا کہ فیصل واوڈا امریکی ریاست کیلی فورنیا میں پیدا ہوئے تھے اور پیدائشی طور پر امریکی شہری ہیں۔ یاد رہے سال 2018 میں درخواست گزار قادر مندوخیل کی جانب سے فیصل واوڈا کے دُہری شہریت چھپاتے ہوئے الیکشن لڑنے کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی گئی تھی۔درخواست کی سماعت کے دوران وکیل کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا نے کوئی جھوٹ نہیں بولا، کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے قبل انہوں نے اپنا غیر ملکی پاسپورٹ منسوخ کروا دیا تھا۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ جس وقت فیصل واوڈا نے قومی اسمبلی کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے اس وقت وہ دُہری شہریت کے حامل اور امریکی شہری تھے۔ درخواست میں کہا گیا تھا فیصل واوڈا نے انتخابات میں حصہ لیتے وقت الیکشن کمیشن میں ایک بیانِ حلفی دائر کیا تھا کہ وہ کسی دوسرے ملک کے شہری نہیں ہے۔ درخواست کے مطابق چونکہ انہوں نے جھوٹا بیانِ حلفی جمع کرایا تھا اس لیے آئین کی دفعہ 62 (1) (ف) کے تحت وہ نااہل ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں