بھارت ،حجاب پرپابندی کیخلاف احتجاج میں شدت
شیئر کریں
بھارت میں اسکولوں کے کمرہ جماعت میں مسلمان طالبات پر حجاب کی پابندی پر ملک بھر میں تنقید کی جارہی ہے اور اس پابندی کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کیا گیاہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق گرلز اسلامک آرگنائزیشن کرناٹکا کے صدر سمعیہ روشن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ فطری طور پر امتیازی سلوک ہے اور حقوق کے بھی خلاف ہے جو بھارت کے آئین نے طالبات دئیے۔انہوں نے کہا کہ پابندی شخصی آزادی کی خلاف ورزی ہے جو طالبات کا حق ہے اور اس سے کسی دوسرے کو کوئی نقصان بھی نہیں ہوتا۔سوشل میڈیا میں زیرگردش فوٹیج میں دکھا جاسکتا ہے کہ کرناٹکا میں کم ازکم دو قصبوں میں سیکڑوں افراد سڑکوں پر نکلے ہوئے ہیں اور ہاتھوں میں بھارتی پرچم لے ہوئے ہیں۔بھارت میں حجاب پر پابندی کے خلاف کئی دنوں سے جاری احتجاج کا یہ نیا سلسلہ ہے۔علاوہ ازیںبھارت میں حزب اختلاف کی جماعتوں نے کرناٹکا میں حجاب پر پابندی کا معاملہ بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں اٹھایا جبکہ بہت سے ارکان پارلیمنٹ نے اس سلسلے میں بحث کرانے کیلئے تحاریک التوا پیش کیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگریس، انڈین یونین مسلم لیگ اوربعض دیگر اراکین نے لوک سبھا میں حجاب پر پابندی کا معاملہ اٹھایا جو ان دنوں بین الاقوامی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔انڈین یونین مسلم لیگ کے لوک سبھا کے ارکان پارلیمنٹ نے کرناٹک میں طالبات کے حجاب لگانے پر پابندی کے معاملہ پر بحث کیلئے تحریک التوا پیش کی جبکہ کانگریس نے طالبات کے آئینی حقوق برقرار رکھتے ہوئے اس معاملے کو حل کرنے پر زوردیا ۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ٹی این پرتھاپن نے وزیر تعلیم سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں تاکہ طلبہ کے آئینی حقوق کی پاسداری کو یقینی بنایا جا سکے ۔ ادھر بھارتی ریاست کرناٹکا کی قانون ساز اسمبلی میں کانگریس پارٹی کے رہنماء بی کے ہری پرساد نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی اڈپی ضلع میں طالبات کے حجاب لگانے پر پابندی عائد کر کے معمولی سیاسی مفاد کیلئے تنازعہ کوبڑھکا رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی طالبات کے تعلیمی مستقل کو بھی تاریک کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ کنڈا پور گورنمنٹ پری یونیورسٹی کالج کی انتظامیہ نے بھی حجاب لگانے اور زعفرانی شال اوڑھے طالبات کو علیحدہ علیحدہ کمروں میں بیٹھایا۔ اب یہ تنازعہ پوری ریاست میں پھیل گیا ہے اور اس سے ضلع کے سات کالج میں تدریسی عمل بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔