عمران خان کی عبوری ضمانت میںتوسیع کردی گئی
شیئر کریں
اسلام آباد (بیورورپورٹ)اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی عبوری ضمانت میں گیارہ دسمبر تک توسیع کردی ،جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے مقدمات میں شامل دہشت گردی کی دفعات کو چیلنج کرتے ہوئے کیس سیشن کورٹ بھجوانے کی استدعا کی ہے۔ جمعرات کو انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ، ایس ایس پی تشدد اور پولیس اسٹیشن سے زبردستی کارکنوں کے چھڑانے پرعمران خان کیخلاف درج چار مقدمات کی سماعت کی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان عدالت میں پیش ہوئے عمران خان کے وکیل بابر اعوان ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے مقدمے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات کو چیلنج کیا اور کہا کہ کیا شہریوں کا جمہوری حقوق کے لیے جدوجہد کرنا دہشت گردی کے زمرے میں نہیں آتا ہے۔بابراعوان کی طرف سے عدالت کے دائرہ کار کو چیلنج کرتے ہوئے فیض آباد دھرنے میں مقدمات ختم کرنے کا حوالہ دیاگیاجس پر جج شاہ رخ ارجمند نے ریمارکس دیے کہ دھرنے والوں کیخلاف مقدمات ختم نہیں ہوئے ملزم ابھی تک ضمانتیں کروارہے ہیں بابر اعوان نے حکومت اور تحریک لبیک کے معاہدے کی شقیں پڑھ کر عدالت کو سنائیں اور کہا کہ قانون ہر شہری کیساتھ یکساں سلوک کرنے کا حکم دیتا ہے۔