میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
آسیہ بی بی بیرون ملک روانہ ہو گئی(برطانوی ریڈیو) ، ملک میں ہے (حکومت کا دعویٰ )

آسیہ بی بی بیرون ملک روانہ ہو گئی(برطانوی ریڈیو) ، ملک میں ہے (حکومت کا دعویٰ )

ویب ڈیسک
جمعرات, ۸ نومبر ۲۰۱۸

شیئر کریں

سپریم کورٹ کی جانب سے رہا ئی کے احکامات کے بعد مسیحی خاتون آسیہ بی بی کو ملتان جیل سے رہا کیے جانے کے بعد بیرون ملک روانگی کے بارے میں متضاد اطلاعات ہیں ۔ برطانوی خبررساں ا دارے کے مطابق وزارت داخلہ کے اہلکار نے دعویٰ کیا کہ ملتان جیل سے آسیہ بی بی کو راولپنڈی کے نور خان ایئر بیس لایا گیا جہاں وہ اپنے خاندان سمیت بیرون ملک روانہ ہو گئی۔آسیہ بی بی اور ان کے خاندان کے علاوہ پاکستان میں ایک یورپی ملک کے سفارت کار بھی جہاز میں سوار تھے تاہم آسیہ بی بی کی ملک سے روانگی کے بارے میں متضاد اطلاعات ہیں۔سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی کے مطابق پاکستان کے دفترِ خارجہ نے ان خبروں کی تردید کی جن میں کہا گیا آسیہ بی بی ملک سے باہر جا چکی ہے۔
اس سے قبل آسیہ بی بی کے وکیل ایڈووکیٹ سیف الملوک نے کہا کہ آسیہ بی بی کو ملتان جیل سے رہا کر دیا گیا ۔ برطانوی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے سیف الملوک نے اس بات کی تصدیق کی۔پاکستان کی سپریم کورٹ نے توہین مذہب کے جرم میں سزائے موت پانے والی آسیہ بی بی کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے ان کو رہا کرنے کا فیصلہ دیا تھا۔ دوسری جانب آسیہ بی بی کی رہائی پر تحریک لبیک پاکستان نے اپنے رد عمل میں کہا کہ آسیہ بی بی کی رہائی حکومتی معاہدہ کی خلاف ورزی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ پورے پاکستان کی فضا آسیہ کی رہائی کی خبر سن کر غم و کرب میں مبتلا ہے۔معاہدے کی خلاف ورزی کر کے بدعہدی کی سیاہ تاریخ رقم کی گئی تاہم وفاقی حکومت نے آسیہ بی بی کی بیرون ملک روانگی کے ممکنہ رد عمل کے حوالے سے پنجاب حکومت سے کہا ہے کہ اگر تحریک لبیک پاکستان کی قیادت احتجاج کے لیے باہر نکلے تو اس کی قیادت کو گھروں میں نظر بند کر دیا جائے۔یورپی پارلیمنٹ کے صدر انٹونیو تجانی نے ٹویٹ میں کہا کہ آسیہ بی بی جیل سے رہا ہو گئی ہے اور ان کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، میں پاکستانی حکام کا شکر گزار ہوں۔ میں ان سے اور ان کے خاندان سے یورپی پارلیمنٹ میں جلد ملنا چاہتا ہوں۔ واضح رہے کہ آسیہ بی بی کے وکیل سیف الملوک نے پیر کے روز ہالینڈ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آسیہ بی بی کو رہا کرنے کا سپریم کورٹ کا حکم جیل پہنچنے میں دس سے بارہ دن لگتے ہیں۔ اس لیے ابھی آسیہ بی بی کو جیل سے رہا نہیں کیا گیا۔ حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان ہونے والے معاہدے کو مسترد کرتے ہوئے سیف الملوک نے اسے تحریک لبیک پاکستان کے لیے’’بچاؤ‘‘کا راستا قرار دیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں