میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
جشن آمد رسولؐ، گلی کوچے برقی قمقموں سے روشن، ہر جانب نور کا سماں

جشن آمد رسولؐ، گلی کوچے برقی قمقموں سے روشن، ہر جانب نور کا سماں

ویب ڈیسک
پیر, ۸ ستمبر ۲۰۲۵

شیئر کریں

 

نماز فجر کے بعد مساجد اور گھروں میں ملکی ترقی اورسلامتی کیلئے دعا ئیں مانگی گئیں، فول پروف سکیورٹی انتظامات
کراچی سے آزاد کشمیر تک ریلیاں اورجلوس نکالے گئے، فضائوں میں درود و سلام کی صدائوں کی گونج اٹھیں

رحمت اللعالمین، خاتم النبیین، ہادی عالم حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا جشن ملک بھر میں مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔کراچی، کوئٹہ، لاہور، راولپنڈی، پشاور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں درود و سلام کی صدائیں، مساجد، عمارتیں، گلیاں، محلے، چوک، چوراہے خوبصورتی سے سجائے گئے اور آقائے دو جہاں سے محبت و عقیدت کا اظہار کیا گیا۔ جشن میلاد النبی ؐ کے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔نماز فجر کے بعد مساجد اور گھروں میں ملکی ترقی، سلامتی، خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعا ئیں مانگی گئیں۔کراچی سے آزاد کشمیر تک ریلیاں اورجلوس نکالے گئے، فضائوں میں درود و سلام کی صدائوں کی گونج اٹھیں، سرورکونین ؐ کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کیا گیا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی جشن میلاد کا مرکزی جلوس نکالا گیا،جلوس کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے،اس دن کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہونے والی بین الاقوامی سیرت کانفرنس ہوئی ۔ملتان میں سرکار دو جہاں سرور کونین آقا دو جہاں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے جشن ولادت باسعادت کے حوالے سے ریلیاں نکالی گئیں۔گوجرانوالہ میں جشن عید میلادالنبی ؐ مذہبی عقیدت و احترام سیمنایا گیا، ضلع بھر میں 92 جلوس نکالے گئے، جلوس کے راستوں میں لنگر کا اہتمام کیا گیا۔ سیالکوٹ، سرگودھا، جھنگ، فیصل آباد، رحیم یارخان سمیت دیگر شہروں میں بھی عید میلاد النبی ؐ مذہبی جوش و جذبے سے منایا گیا۔حیدرآباد میں جشن عید میلادالنبی ؐ بھرپور مذہبی جوش جذبے کیساتھ منایا گیا، مذہبی جماعتوں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں۔سکھر میں جشن میلاد النبی ؐ کے مرکزی جلوس میں عاشقان رسول ؐ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ لاڑکانہ، میرپورخاص، سجاول، خیرپور، ٹھٹھہ اور گھوٹکی میں جلوس نکالے گئے۔مانسہرہ، بنوں، مردان، ڈیرہ اسماعیل خان اور نوشہرہ سمیت خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع میں بھی آقائے دو جہاں سے محبت و عقیدت کا اظہار کیا گیا۔بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے شہروں میں بھی عاشقان رسول ؐ نے ریلیاں نکالیں اور درود و سلام کی محافل منعقد کیں۔ کراچی میں گورنرہائوس میں جشن میلادالنبی? کی محفل سجائی گئی، اس موقع پر گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کہاکہ حضور ؐ کی ولادت باسعادت ساری انسانیت کے لیے باعثِ رحمت ہے، آپ ؐ کی سیرت طیبہ میں زندگی کے ہر شعبے کے لیے کامل رہنمائی موجود ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ ہم بدنصیب ہیں کہ رسولؐ کی سنت وسیرت پرعمل پیرا نہیں ہورہے، انہوں نے بتایا کہ انہیں 12 ربیع الاول کے دن ہی گورنر کے منصب پر آنا نصیب ہوا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں