8 ستمبر یوم بحریہ ہماری قومی تاریخ کا عظیم الشان اور یادگار دن ہے،نیول چیف
شیئر کریں
چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ 8 ستمبر یوم بحریہ ہماری قومی تاریخ کا عظیم الشان اور یادگار دن ہے جو کہ 1965کی جنگ کے دوران پاک بحریہ کے سرفروشوں کی قربانیوں، لازوال جذبوں اور غیر معمولی کارناموں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ یہ دن ہمیں ہمارے شہدائاور غازیوں کے دلیرانہ کارناموں اور غیر معمولی بہادری کی یاد دلاتا ہے جو اللہ پر کامل بھروسے کے ذریعے جوانمردی سے لڑے۔ یہ دن ہماری بحری تاریخ میں سنہری باب کے طور پر رقم ہے اور آنے والی نسلوں کے لیے باعث فخر و ترغیب ہے۔ 7 اور 8 ستمبر1965 کی شب پاک بحریہ کے سات جنگی جہازوں پر مشتمل بحری بیڑے نے ” آپریشن سومنات” کے دوران بھارت کی بندرگاہ دوارکا پر بمباری کی۔ اس مستعد اورزیرک آپریشن نے اہم ساحلی تنصیبات بشمول بھارتی ریڈار اسٹیشن اور ریڈیو بیکن کو تباہ کیا جو کہ کراچی پر حملہ کے لیے بھارتی فضائیہ کے جہازوں کو رہنمائی فراہم کر رہا تھا۔ یوم بحریہ پاکستان نیوی کی واحد آبدوز غازی کے تاریخی کارناموں کی یاد میں بھی منایا جاتا ہے جس نے 1965 کی جنگ کے دوران اپنی بالادستی قائم رکھتے ہوئے سمندر میں بغیر کسی چیلنج کے کام کیا۔ بھارتی بندرگاہ کے قرب و جوار میں اس کی موجود گی نے نہ صرف بھارتی بحری جہازوں بشمول طیارہ برادر جہاز کو اُ ن ہی کی بندرگاہ میں مقید رکھا بلکہ وہ شمالی بحیرہ عرب کی جانب رُخ کرنے سے بھی خوفزدہ رہے۔پاکستان نیوی اپنی بڑھتی ہوئی ذمّہ داریوں کے ساتھ خطے میں ایک باصلاحیت اور متحرک بحری فورس بن کر اُبھری ہے۔