میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ بلڈنگ، رام سوامی میں تعمیراتی لاقانونیت، حکام خاموش

سندھ بلڈنگ، رام سوامی میں تعمیراتی لاقانونیت، حکام خاموش

جرات ڈیسک
بدھ, ۸ جولائی ۲۰۲۶

شیئر کریں

ڈائریکٹر نیاز لغاری کی چشم پوشی، ساتویں منزل کی تیاریاں،شہریوں میں تشویش

پلاٹ نمبر آر ایس 4/28کی عمارت پر اضافی تعمیرات سے حفاظتی خدشات لاحق

 

ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نیاز لغاری کی مبینہ چشم پوشی کے باعث رام سوامی کے گنجان آباد علاقے میں واقع پلاٹ نمبر آر ایس 4/28 ایک بار پھر مبینہ طور پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے باعث توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

مقامی ذرائع اور علاقہ مکینوں کا دعویٰ ہے کہ عمارت پر ساتویں منزل کی تعمیر کی تیاریاں جاری ہیں، جبکہ اس حوالے سے پہلے بھی مختلف خدشات سامنے آ چکے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مسلسل شکایات اور میڈیا میں رپورٹنگ کے باوجود متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی نمایاں پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

ذرائع کے مطابق عمارت کی چھت فروخت کیے جانے کے بعد مزید منزلوں کی تعمیر کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب مقامی افراد کا مؤقف ہے کہ عمارت کی موجودہ فنی حالت اور اسٹرکچرل استعداد کے بارے میں پہلے ہی تحفظات موجود ہیں، جس کے باعث کسی بھی اضافی تعمیر کو حفاظتی نقطۂ نظر سے تشویش کا باعث قرار دیا جا رہا ہے۔

شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر تعمیراتی کام تمام قانونی تقاضوں اور متعلقہ منظوریوں کے مطابق ہو رہا ہے تو متعلقہ اداروں کو اس بارے میں واضح مؤقف اختیار کرنا چاہیے۔

تاہم اگر مطلوبہ اجازت ناموں، منظور شدہ نقشوں یا اسٹرکچرل کلیئرنس کے بغیر تعمیرات جاری ہیں تو متعلقہ قوانین کے مطابق فوری کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق معاملہ منظرعام پر آنے کے بعد توقع کی جا رہی تھی کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے فوری انسپکشن، تکنیکی معائنہ اور دستاویزات کی جانچ کا عمل شروع کیا جائے گا،

لیکن اب تک ایسی کسی کارروائی کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی، جس سے شہریوں میں تشویش مزید بڑھ گئی ہے۔

مقامی افراد نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر عمارت کا ڈھانچہ اضافی بوجھ برداشت کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا تو مستقبل میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا خطرہ موجود ہے، جس کے اثرات نہ صرف متعلقہ عمارت بلکہ اطراف کی رہائشی اور تجارتی عمارتوں تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ رام سوامی جیسے گنجان آباد علاقے میں کسی بھی ممکنہ حادثے کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

شہریوں، سماجی کارکنوں اور مقامی نمائندوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اعلیٰ حکام فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیں، پلاٹ نمبر آر ایس 4/28 پر جاری مبینہ تعمیراتی سرگرمیوں، منظور شدہ نقشوں، اسٹرکچرل فٹنس رپورٹ اور دیگر متعلقہ قانونی دستاویزات کی مکمل جانچ کرائیں۔

اگر کسی بھی قسم کی بے ضابطگی ثابت ہو تو قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ سانحے سے قبل شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔اس خبر میں شامل معلومات مقامی ذرائع، علاقہ مکینوں کے بیانات اور دستیاب معلومات پر مبنی ہیں۔ متعلقہ اداروں کا مؤقف موصول ہونے کی صورت میں اسے بھی مناسب اہمیت کے ساتھ شائع کیا جائے گا۔

نمائندہ جرات


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں