45 منٹ کی بارش، حیدرآباد کے نشیبی علاقے زیر آب
شیئر کریں
(رپورٹ :شاہنواز خاصخیلی) 45 منٹ کی بارش، حیدرآباد کے نشیبی علاقے زیر آب، شاہراہیں تالاب میں تبدیل، ایچ ایم ایس، واسا، حیسکو سمیت متعلقہ اداروں کی پری مون سون تیاریوں کی قلعی کھل گئی، شہر اور مضافات میں بجلی غائب انتظامیہ نکاسی آب میں ناکام، تفصیلات کے مطابق مون سون بارش کی پہلی بارش نے حیدرآباد میونسپل کارپوریشن، واسا، حیسکو سمیت متعلقہ اداروں کی پری مون سون تیاریوں کی قلعی کھول دی ہے، حیدرآباد اور مضافات میں 45منٹ بارش جاری، جبکہ وقفے وقفے سے ہلکی بوندا بادی بھی جاری رہی، 45منٹ کی بارش کے بعد شہر کے نشیبی علاقے جن میں حیدر چوک، گاڑی کھاتہ، لطیف آباد کے مختلف یونٹس، قاسم آباد کے مختلف علاقے سمیت مضافات کے علاقے زیر آب آ گئے، جبکہ شہر کی مرکزی شاہراہیں ٹھنڈی سڑک، وادہو واہ روڈ، سٹیزن کالونی روڈ ریڈیو چوک روڈ سمیت دیگر شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کرنی لگیں، بارش کے پہلے ہی قطرے کے ساتھ ہی حیسکو نے حیدرآباد شہر اور مضافات کی بجلی بند کردی، جبکہ واسا کے پمپنگ اسٹیشنز کی بجلی بند ہونے کے باعث نکاسی آب میں نظام بند ہوگیا، رات گئے تک شہر کے اکثر علاقے اندھیرے میں ڈوبے ہوئے تھے۔ دوسری جانب حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور واسا کے پری مون سون تیاریوں کے دعوے بھی دہرے کے دہرے رہ گئے، شہر بھر میں پانی جمع ہوگیا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ کچھ علاقوں میں گاڑیاں پھنسنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔