میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
طالبان صوبہ بادغیس میں بھی داخل

طالبان صوبہ بادغیس میں بھی داخل

ویب ڈیسک
جمعرات, ۸ جولائی ۲۰۲۱

شیئر کریں

افغانستان میں امریکی افواج کے انخلا کے بعدطالبان نے پہلی بار شدید مزاحمت اور گھمسان کی لڑائی کے بعد شمال مغربی صوبہ بادغیس کے کئی اضلاع سمیت صوبائی دارالحکومت پر قبضہ جمالیا جہاں مرکزی جیل کا مرکزی دروازہ توڑ کر 200 قیدی فرارہوگئے جبکہ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں شدید مقابلے کے بعد طالبان کو پیچھے دھکیلنے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کا کنٹرول سرکاری فو ج نے دوبارہ حاصل کرلیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان نے شمالی مغربی صوبہ بادغیس کے تمام اضلاع پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے جبکہ بدھ کے روز دوپہر کے وقت طالبان نے شہر کے تینوں اطراف سے حملہ آور ہوکرصوبہ بدغیس کے صدرمقام اور صوبائی دارالحکومت قلعہ نو شہر پر یلغار کردی اور شہر کا کنٹرول حاصل کرلیا۔ طالبان نے پولیس ہیڈکوارٹر سمیت کئی سرکاری اداروں کے دفاتر میں داخل ہوکر انتظام سنبھال لیا۔اس خونریز لڑائی میں دونوں طرف سے بھاری جانی نقصان کی اطلاعات ہیں تاہم فوری طورپر نقصان کی تفصیل معلوم نہیں ہوسکی۔صوبائی کونسل کے رکن عبدالعزیز بیک کے مطابق صوبائی دارالحکومت پر قبضہ جمالینے کے بعدقیدیوں نے مرکزی جیل کا دروازہ توڑدیا جہاں سے 200 قیدی اللہ اکبر کے نعرے لگاتے ہوئے فرار ہونے میںکامیاب ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق امریکی افواج کے انخلا کے بعد پہلی بار طالبان نے کسی صوبہ کے تمام اضلاع اور صوبائی دارالحکومت پر قبضہ کرلیاہے جسے بہت بڑی فتح قراردیاجارہاہے۔ادھر افغان وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آریان نے اپنے ایک تازہ بیان میں کہا ہے کہ افغان سیکیورٹی فورسزکے تازہ دم دستوں نے فضائیہ کی مدد سے طالبان کے ساتھ شدید لڑائی کے بعد دارالحکومت قلعہ نو کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرلیا ہے جس کے دوران بہت خون خرابہ ہوا ہے اور سرکاری دفاترکو طالبان سے خالی کراکرحملہ آوروں کو بھگادیا ہے۔ ترجمان نے لڑائی میں ہلاکتوں کی تفصیل نہیں بتائی۔ادھر اطلاعات کے مطابق کئی مغربی اور شمالی اضلاع پر طالبان کے قابض ہونے کے بعد افغان سیکیورٹی فورسزکے درجنوں اہلکاروں نے طالبان کو گلے لگاکر اپنے سرکاری ہتھیار بشمول امریکی اسلحہ اور بکتر بندگاڑیوں کی چابیاںان کے حوالے کردیئے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں