پاکستان کا ایک قطرہ پانی کوئی چوری نہیں کرسکتا،دفتر خارجہ
شیئر کریں
سندھ طاس معاہدہ کیتمام آپشنز زیر غور ،دریاؤں کی صورتحال کا مشاہدہ کررہے ہیں
امریکا ایران کے درمیان جلد معاہدے کی توقع ہے،ترجمان کی ہفتہ وار بریفنگ
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران میں جلد معاہدے کی توقع ہے، پاکستان کا ایک قطرہ پانی بھی کوئی چوری نہیں کر سکتا،ہم دریاؤں کی صورتحال کا مشاہدہ کررہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ معرکہ حق کی پہلی سالگرہ ہے، پانچ مئی کو نائب وزیراعظم نے معرکہ حق پر سفارتی کور کو بریف کیا۔ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان پیغامات کا کیا تبادلہ ہوا ہے، اس پر گفتگو نہیں کروں گا، ہم پر امید ہیں کہ دونوں پارٹیوں کے درمیان معاملہ حل ہوگا، یہ نہیں جانتا کہ معاہدہ ایک صفحے کا ہوگا یا زیادہ صفحات کا، معاہدے کے لیے پرامید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کمیونٹی کو جنوبی ایشیاء میں امن اور سلامتی پر تشویش ہے، پاکستان کا ایک قطرہ پانی کوئی چوری نہیں کرسکتا، سندھ طاس معاہدہ سے متعلق تمام آپشنز زیر غور ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ہم دریاؤں کی صورتحال کا مشاہدہ کررہے ہیں، دفتر خارجہ سمیت انڈس واٹر کمشنر اور دیگر حکام اس کو دیکھ رہے ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاک افغان بارڈر کے دونوں جانب عوام امن چاہتے ہیں، پاکستان اور افغانستان کے عوام کے درمیان کوئی تنازع نہیں ہے،ہمارا مذہب ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان رجیم کے تحت افغان سرزمین سے ہونے والے دہشت گردی معاملات خراب کر رہی ہے، ہمیں بارڈر بندش سمیت دیگر اثرات کے بجائے جڑ دہشت گردی کو دیکھنا ہو گا، دہشت گردی ختم ہو جائے باقی چیزیں خود سیٹل ہو جائیں گی۔


