ذیشان ذکی کی گیس کمپنی کے افسران سے ملی بھگت
شیئر کریں
صائمہ بلڈرز کے مالک ذیشان ذکی کی سوئی سدرن گیس کمپنی کے افسران سے ملی بھگت، اوگرا کی جانب سے صائمہ عربین ولاز میں بلک گیس کنکشن غیر قانونی قرار دینے کے باوجود ذیشان ذکی کی اسکیم کو بلک گیس کنکشن کے ذریعے فراہمی جاری، صائمہ عربین ولاز کے بلک گیس کنکشن کے لاکھوں روپے کے بل کی ادائیگی بھی نہیں کی گئی، ایس ایس جی ایل افسران نے ذیشان ذکی کو کھلی چھٹی دے دی۔ جراٗت کو موصول دستاویز کے مطابق صائمہ ریئل اسٹیٹ بلڈرز اینڈ ڈولپرز نے کراچی کے علاقے ناظم آباد کے قریب تپو منگھوپیر کی دیھ جام چکرو میں سروے نمبر 72سے 76، 78 سے 81 تک رہائشی اسکیم شروع کی،ذیشان ذکی نے صائمہ عربین ولازکے ہزاروں الاٹیز سے اربوں روپے بٹورنے کے باوجود ان کوگیس کے گھریلو کنکشن کی فراہمی کے بجائے بلک گیس کنکشن سے گیس فراہم کی، سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کے افسران نے مبینہ طور پر رشوت لینے کے بعد صائمہ عربین ولاز میں بلک گیس کنکشن لگا کر گیس جاری کی، صائمہ بلڈرزکے مالک ذیشان ذکی نے بلک گیس کنیکشن کے لئے 6 لاکھ 24 ہزار ایس ایس جی سی ایل کو فراہم کئے، بعد میں 4 ہزار میٹر لینے کے لئے ایک کروڑ 95 لاکھ روپے ادا کئے ، جبکہ بلک گیس کنیکشن کو گھریلو کنیکشن میں تبدیل کرنے کے لئے 46لاکھ 70 روپے ادا کئے گئے، صائمہ بلڈرز کے مالک ذیشان ذکی صائمہ عربین ولاز کے ہزاروں مکینوں کو خود ساختہ بنائے گئے بلز 3 سال تک ارسال کرکے ہر ماہ لاکھوں کروڑوںبٹورتے رہے،رہائشی اسکیم کے مکینوں کے مطابق اوگرا نے 13 دسمبر 2022 کو رہائشیوں کی شکایات کا فیصلہ کرتے ہوئے سوئی سدرن گیس کمپنی کے بلک گیس کنکشن کو غیر قانونی قرار دیا۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے افسران نے صائمہ بلڈرز کے مالک ذیشان ذکی سے بھاری رشوت لینے کے باعث صائمہ عربین ولاز کو جاری کیا گیا بلک گیس کنکشن منقطع نہیں کیااور رہائشی اسکیم کے ہزاروں مکینوں کو تاحال گھریلوکنکشن جاری نہیں کیا، سوئی سدرن گیس کمپنی نے صائمہ عربین ولاز کو اپریل 2023 کا 52 لاکھ 83 ہزار 6 سو 90 روپے کا بل ارسال کیا۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ اوگرا کی جانب سے صائمہ عربین ولاز کے بلک گیس کنکشن کو غیر قانونی قرار دینے کے باوجود گیس کنکشن کو منقطع جاری نہ کرنا غیر قانونی ہے، سوئی سدرن گیس کمپنی کے اعلیٰ افسران صائمہ بلڈرز کے ذیشان ذکی سے بھاری رشوت لینے کے بعد غیر قانونی اقدام کرتے ہوئے قومی وسائل ذیشان ذکی کو فراہم کررہے ہیں اور ذیشان ذکی کی ہدایت پرصائمہ عربین ولاز کے مکینوں کو جان بوجھ کر گھریلوکنکشن جاری نہ کرکے پریشان کررہے ہیں کیونکہ رہائشی اسکیم کے مکینوں نے ذیشان ذکی کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف آواز بلند کی ہے۔