10اپریل کو نظام نہیں پہرے دار بدلا گیا، سراج الحق
شیئر کریں
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ اور سابقہ حکومت میں کوئی فرق نہیں، 10اپریل کو نظام نہیں پہرے دار بدلا گیا۔ پی ٹی آئی کے پاس ویژن ہوتا تو ساڑھے تین سالوں میں کچھ تو نظر آتا۔ مہنگائی کا خاتمہ کرنے کے نعرے لگا کر آنے والی نئی حکومت نے بھی آتے ہی آٹا، چینی، گھی، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔ کل بھی مافیاز کی حکومت تھی آج بھی شوگر، پٹرول، میڈیسن اور چینی غائب کر کے اربوں روپے کمانے والے حکومت میں بیٹھے ہیں۔ ملک میں سیاست پیسے کی بنیاد پر چلتی ہے۔ (ن) لیگ، پی ٹی آئی اور پی پی پی کی پالیسیاں ایک، سودی نظام جاری رکھنے پر سب متفق ہیں۔ پی ٹی آئی کا تجربہ ناکام ہو گیا، اس کو لانے والے بھی شرمندہ ہوئے۔ عوام نے ن لیگ اور پی پی کا دور اقتدار بھی کئی بار دیکھ لیا۔ ملکی قرضہ 51ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ وزیرخزانہ آتے ہی آئی ایم ایف کے پاس مزید قرضہ لینے کے لیے پہنچ گئے۔ آئی ایم ایف کی شرائط پر آنکھیں بند کر کے عمل کرنے کے وعدہ پر نئی قسط جاری کرنے کی شرط رکھی گئی ہے۔ حکومت پٹرول اور بجلی کی قیمتیں مزید بڑھانے کے لیے تیار بیٹھی ہے۔ خبردار کرنا چاہتے ہیں حکمران عوام پر ظلم بند کریں۔ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کر کے سودی معاشی نظام کا خاتمہ کرے۔ مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے اور صرف جماعت اسلامی ہی فلاحی اور اسلامی پاکستان بنا سکتی ہے۔ہمیں موقع ملا تو سودی سرمایہ دارانہ نظام ختم کر کے زکوٰة اور عُشر پر معیشت کی تعمیر کریں اور عالمی مالیاتی اداروں سے قوم کی جان چھڑئیں گے۔ ملک میں لاکھوں ایکڑ رقبہ غیرآباد اور بنجر ہے۔ سرکاری زمینوں اور بے آباد رقبہ کو زرعی گریجوایٹس میں تقسیم کریں گے اور خوراک کی پیداوار بڑھائیں گے۔ جماعت اسلامی ظالمانہ ٹیکسوں کے نظام کو ختم کرے گی۔ عدالتوں، نظام تعلیم کو قرآن و سنت کی تعلیمات پر استوار کیا جائے گا۔ قوم نے سب کو آزما لیا اب ایک موقع جماعت اسلامی کو ملنا چاہیے۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی سیاسی کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔