وزیراعظم اور ایرانی صدر کا ٹیلیفونک رابطہ، ایران کی اسلام آباد مذاکرات میں شرکت کی تصدیق
شیئر کریں
ایران اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کرے گا، پاکستانی قیادت کی کوششوں کی تعریف
ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے عارضی جنگ بندی کیلئے پاکستانی قیادت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں اپنی شرکت کی تصدیق کی ہے۔
بدھ کووزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق تقریباً 45منٹ سے زائد جاری رہنے والی اس خوشگوار اور دوستانہ گفتگو کے دوران وزیراعظم نے ایرانی قیادت کی دانشمندی اور دور اندیشی کو سراہا جس نے جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکا کے درمیان رواں ہفتے اسلام آباد میں مذاکرات کی میزبانی کی پیشکش قبول کی۔
وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے لئے بھی اپنی تعظیم کا اظہار کیا۔ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور ایران اور امریکا کے درمیان عارضی جنگ بندی کیلئے پاکستانی قیادت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستانی عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ بیان کے مطابق انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ایران اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں شرکت کرے گا۔دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔


