کراچی ،بڑے ڈاکٹر کی سپاری لینے والے 2 ٹارگٹ کلرز گرفتار
شیئر کریں
شہر قائد میں بڑے ڈاکٹر کی سپاری لینے والے دو ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا گیا، ایس پی گلشن ظفرچھانگلہ نے بتایا کہ ملزمان نے پیر کو ڈاکٹرکی ٹارگٹ کلنگ کرنا تھی۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈسٹرکٹ ایسٹ گلستان جوہر پولیس نے وفاقی حساس ادارے کے ہمراہ کامران چورنگی پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے کراچی میں بڑے ڈاکٹر کی سپاری لینے والے دو ٹارگٹ کلرزکو گرفتارکرلیاہے۔ایس پی گلشن ظفر چھانگلہ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول برآمد ہوئے ہیں، گرفتار ملزمان میں مرسلین عرف فردوس اور صغیر علی عرف بھائی نے تفتیش کے دوران اہم انکشافات کیے۔ایس پی گلشن نے بتایاکہ ملزمان نے پیر کے روز ایک ڈاکٹر کی ٹارگٹ کلنگ کرنے کا اہم انکشاف کیا، جس کی سپاری دبئی سے 9 لاکھ روپے میں دی گئی تھی اور وہ 50 ہزار روپے وصول بھی کرچکے تھے۔ظفر چھانگلہ کے مطابق ملزمان کو ابتدائی رقم سہولت کار کے ذریعے ادا کی گئی تھی جبکہ ملزمان نے ہدف کا نشانہ بناتے وقت ویڈیو بھی بنانی تھی اور واردات کے بعد ملزمان نے شہر چھوڑ کر فرار ہو جانا تھا۔ایس پی گلشن نے کہا کہ ملزمان کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر وفاقی حساس ادارے اور گلستان جوہر پولیس نے واردات سے قبل ہی ملزمان کو گرفتارکرلیا۔انہوں نے بتایاکہ کراچی میں حالیہ دنوں میں کچھ ٹارگٹ کلنگز ہوئی ہیں، جس کی وجہ سے ایسٹ اورگلشن ڈویڑن پولیس ویوجلنٹ تھی کہ اس طرح کی کوئی اور کارروائی نہ ہو۔ظفر چھانگلہ نے بتایا کہ گلستان جوہر تھانے میں سید خالد رضا کی 21فروری کو ٹارگٹ کلنگ ہوئی تھی، جس میں کافی حد تک پیش رفت ہوچکی ہے جبکہ 26 مارچ کو صوفی عبدالقیوم کی ٹارگٹ کلنگ ہوئی اس سلسلے میں بھی ایسٹ پولیس کی اہم کارروائی رہی۔انہوں نے بتایاکہ ڈسٹرکٹ سٹی میں ڈاکٹر بیربل کی بھی ٹارگٹ کلنگ ہوئی تھی اور اب ایک اورڈاکٹر کو شہر میں ٹارگٹ کلنگ کرکے شہر بھر میں خوف و ہراس پھیلانا تھا۔ایس پی گلشن کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔