میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
شیخ رشید ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر مری پولیس کے حوالے

شیخ رشید ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر مری پولیس کے حوالے

ویب ڈیسک
بدھ, ۸ فروری ۲۰۲۳

شیئر کریں

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق صدر آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے الزام سے متعلق کیس میں سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر مری پولیس کے حوالے کردیا۔شیخ رشید کو 2 فروری کو رات گئے گرفتار کیا گیا تھا، گزشتہ روز اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی تھی۔وفاقی پولیس نے شیخ شید کو اسلام آباد کچہری میں ہتھکڑی لگا کر پیش کیا جہاں اس دوران جج نے استفسار کیا کہ کیا مری پولیس کی جانب سے پہلے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی جس پر تفتیشی افسر تھانہ مری نے جواب دیا کہ پہلی بار استدعا کر رہے ہیں، اس سے پہلے نہیں کی۔دوران سماعت شیخ رشید کے وکیل علی بخاری نے موقف اپنایا کہ شیخ رشید اس وقت حراست میں ہیں، راہداری ریمانڈ اور سفری ریمانڈ دو مختلف چیزیں ہیں، مری پولیس کی جانب سے راہداری ریمانڈ کی استدعا پہلے ہی مسترد ہوچکی ہے۔انہوں نے استدلال کیا کہ شیخ رشید کہیں بھاگے نہیں جارہے، حراست میں ہیں، جوڈیشل مجسٹریٹ نے حال ہی میں شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ کی استدعا کو مسترد کیا تھا، شیخ رشید جیل میں ہیں، کہیں باہر نہیں جا سکتے۔تھانہ مری کے تفتیشی افسر نے کہا کہ راہداری ریمانڈ پہلے طریقہ کار مکمل نہ ہونے پر مسترد ہوا تھا، وکیل علی بخاری نے کہا کہ مری پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج ہوا، جس کی مدعیت میں مقدمہ درج ہو، وہ تفتیش نہیں کرسکتا۔ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کے گھر پر دھاوا بولا گیا، آئین انسانی حقوق فراہم کرتاہے، شیخ رشید کی جانب سے سولہ بار وزیر رہنے کے بیان سے کس کو خطرہ ہوگیا ؟ متعلقہ جوڈیشل مجسٹریٹ چھٹی پر ہیں، مری پولیس کل بھی راہداری ریمانڈ کی استدعا کر سکتی تھی۔علی بخاری نے استدلال کیا کہ کیا ہوم سیکریٹری لاہور، ڈی سی راولپنڈی یا متعلقہ انتظامیہ کو گرفتاری سے آگاہ کیاگیا؟ شیخ رشید کے گھر سے سب کچھ برآمد کرلیا، پھر راہداری ریمانڈ کیوں چاہیے؟ شیخ رشید کا اسلحہ لے گئے جس کا لائسنس موجود تھا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر راہداری ریمانڈ کی استدعا مسترد ہوچکی تو دوبارہ نہیں مل سکتا ؟ مری پولیس نے راہداری ریمانڈ مسترد ہونے پر اپیل دائر نہیں کی، عدالت سے استدعا ہے کہ میری ضمانت لے، پہلے ریمانڈ مانگا جو مسترد ہو چکا بطور ڈیوٹی جج آپ بھی راہداری ریمانڈ کی استدعا مسترد کریں۔اس موقع پر جج نے استفسار کیا کہ راہداری ریمانڈ مسترد ہونے کے فیصلے کی کاپی ہے؟ مری پولیس نے کہا کہ کوئی فیصلہ جاری نہیں ہوا، زبانی کلامی بات ہوئی۔دوران سماعت شیخ رشید نے کہا کہ میری تھانہ مری میں درج مقدمے میں پیشی ہو چکی ہے، مجھ سے جیل میں تھانہ مری میں درج مقدمے میں تفتیش ہو چکی ہے۔پراسیکیوٹر عدنان نے شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ سے متعلق دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی عدالت سے صرف راہداری ریمانڈ کے حوالے سے معاملہ آیا ہے، شیخ رشید جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، شیخ رشید کو مری کی عدالت میں پیش کرناہے۔پراسیکیوٹر عدنان نے جج سے مکالمہ کیا کہ شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ آپ راہداری ریمانڈ کی درخواست پر دلائل نہیں سن سکتیں، شیخ رشید کے وکیل علی بخاری نے وضاحت کی کہ میں نے کہاکہ شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ پر فیصلہ متعلقہ عدالت پہلے ہی سنا چکی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں