شہباز شریف نے چینی بحران ،قیمت میں اضافے کا ذمہ دار حکومت کو قراردید یا
شیئر کریں
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف صدر شہباز شریف نے چینی بحران اور قیمت میں اضافے کا ذمہ دار حکومت کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرپٹ اور مفاد پرست ٹولے نے پہلے چینی برآمد کی، اب درآمد کر رہا ہے ۔شہباز شریف نے الزام عائد کیا کہ پہلے چینی برآمد کرکے قوم کا حق مارا گیا اور اب درآمد کرکے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے ۔ عمران خان کی سرپرستی میں بااثر حکومتی شخصیات چینی کے اربوں روپے کے خوفناک سکینڈل میں ملوث ہیں۔ جمعہ کو اپنے بیان میں اپوزیشن لیڈر نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کے قریبی دوستوں کی چینی ملوں کا سٹاک چیک کرایا جائے ۔ حکومت قوم کو بتائے کہ کس کس کی مل نے کتنی چینی باہر بیچی؟ قوم کو بتایا جائے کہ حکومت میں شامل بااثر افراد نے کتنی چینی بیرون ملک فروخت کی اور اس پر کتنا منافع کمایا؟ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کی ملکیت چودھری شوگر اور رمضان شوگر مل کا ڈیٹا بھی نکلوایا جائے جبکہ حکومتی وزرا اور دوستوں کی ملوں میں چینی کے ذخیرے کی تفصیل سامنے لائی جائے ۔ بیان میں انہوں نے سوال اٹھایا کہ ملک میں گنے کی پیداوار 20 فیصد کم ہوئی تو چینی کی برآمد کی اجازت کیوں دی گئی؟ حکومت بتائے کہ بیرون ملک چینی برآمد کرنے والے نمبر ایک، نمبر دو اور نمبر تین پر کون سی حکومتی شخصیات ہیں؟لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اس سارے معاملے میں حکومت چور نہیں تو پارلیمانی کمیٹی کیوں نہیں بناتی تا کہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے ۔ پارلیمانی کمیٹی تحقیقات کرے کہ چینی کی برآمد، ذخیرہ اندوزی اور قیمت بڑھا کر کس نے ڈاکا ڈالا؟