پختونخوا میں فورسز کی کارروائیوں میں 19دہشت گرد ہلاک، 3 جوان شہید
شیئر کریں
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائیوں کے دوران 19 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے 3 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان کے مطابق 6 اور 7 جنوری کو خیبرپختونخوا میں تین الگ الگ کارروائیوں میں 19 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ دہشتگرد وںکی موجودگی کی خفیہ اطلاع پرسیکیورٹی فورسز کی جانب سے ضلع پشاور کے علاقے متنی میں آپریشن کیا گیا اور اس دوران سکیورٹی فورسزنے خوارج کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس کارروائی میں 8 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند کے شہری علاقے بائیزئی میں بھی سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک اور کارروائی کی اور دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔بائیزئی میں کی گئی کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے 8 خوارج کو ہلاک کر دیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ضلع کرک میں تیسری کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے مقام کو موثر انداز سے نشانہ بنایا اور فائرنگ کے نتیجے میں 3 خوارج جہنم واصل ہوئے۔بیان کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین بہادر بیٹے گلگت بلتستان کے ضلع غذر سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ لانس حوالدارعباس علی، ضلع اسکردو سے تعلق رکھنے والے 37 سالہ نائیک محمد نذیر، خیبرپختونخوا کے ضلع اٹک کے رہائشی 37 سالہ نائیک محمد عثمان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی خارجی کو ختم کرنے کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔