کراچی میں آج سے شدیدسردی کی پیش گوئی
شیئر کریں
شہر قائدمیں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز ہونے والی بارش کا سلسلہ رک گیا،بارش کے بعد شہر کا فضائی معیار بہتر ہوگیااور آلودہ ذرات ختم ہوگئے جبکہ شہر کی متعدد سڑکوں پر برساتی پانی جمع ہوگیاہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے۔بارش کے بعد شہرِ قائد کا موسم خوش گوار ہو گیا اور جمعہ کو کم سے کم درجہ حرارت 13 اعشاریہ 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں جمعہ کودرجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیاگیاجبکہ18 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چل رہی تھیںاور ہوا میں نمی کا تناسب 59 فیصدتھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ایک دو روز بعد رات کادرجہ حرارت 8 ڈگری تک گرجائیگا جبکہ بارش کا آئندہ نظام 18 یا 19 جنوری سے کراچی میں برسے گا۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارش کے اعداد و شمارجاری کردیئے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش کراچی کے علاقے سرجانی ٹائون میں 28 اعشاریہ 2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ نارتھ کراچی میں 18، گلشنِ معمار میں 16 اعشاریہ 9، اورنگی ٹاون میں 16 اعشاریہ 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔پی اے ایف مسرور بیس پر 15، ناظم آباد میں 13 اعشاریہ 8، یونیورسٹی روڈ پر 13 اعشاریہ 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔پی اے ایف فیصل بیس پر 12، گلشنِ حدید میں 9، کیماڑی میں 8 اعشاریہ 7، سعدی ٹاون میں 8 اعشاریہ 5، اولڈ ایئر پورٹ اور جناح ٹرمینل پر 7 اعشاریہ 8 اور قائد آباد میں 7 اعشاریہ 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ شہر میں سب سے کم بارش ڈی ایچ اے میں 5 اعشاریہ 8 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفرازنے آج(ہفتہ)سے کراچی میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ظاہرکیاہے۔انہوں نے بتایا کہ شہرِ قائدہفتہ سے16 جنوری تک سردی کی لہر کی لپیٹ میں رہنے کا امکان ہے۔سردار سرفراز نے کہا کہ 16 جنوری کے بعد مغربی ہوائوں کا ایک اور سلسلہ ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہونے کا بھی امکان ہے۔