نیب نے حکومتی ارکان کے خلاف کوئی تحقیقات نہیں کیں،شیری رحمان
شیئر کریں
پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ نیب نے حکومتی ارکان کے خلاف کوئی تحقیقات نہیں کیں۔ احتساب پی پی پی اور اپوزیشن کے خلاف ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ کی سکھر کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنی گالا بھی غیر قانونی ہے اور مالم جبہ منصوبہ بھی کرپٹ ہے ، حکومت نے اتنا قرض لیا جو تاریخ میں کسی نے نہیں لیا، گیس کی قلت ہے اور کھانے پینے کا سامان بھی مہنگا ہے ، ٹماٹر سونے کے بھائو بک رہا ہے ۔ ایک احتساب پاکستان پیپلز پارٹی اور اپوزیشن کے لئے اور ایک احتساب پی ٹی آئی کے بندوں کے لئے ہے جو کھلے عام پھر رہے ہیں ، جو گالی گلوچ کا بازار گرم کر رہے ہیں ، جو مرضی آئے کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے کہتے تھے ہم وی آئی پی پروٹوکول نہیں لیں گے ، اتنا وی آئی پی پروٹوکول ان کے پاس ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں نہیں دیکھا۔ اتنا قرضہ انہوں نے لیا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں نہیں دیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر سے کراچی تک کسی کے چولہے نہیں جل رہے ہیں ، دیکھیں گیس اور بجلی کے بل کیا ہیں ، جبکہ ٹماٹر سونے کے بھائو بک رہے ہیں ۔