میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سسٹم مافیا  نے کراچی کے بعد حیدرآباد میں بھی پنجے گاڑ لیے

سسٹم مافیا نے کراچی کے بعد حیدرآباد میں بھی پنجے گاڑ لیے

ویب ڈیسک
پیر, ۷ نومبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

اعلیٰ ترین حکومتی اور سیاسی سرپرستی میں سرگرم سسٹم مافیا نے کراچی کے بعد حیدرآباد میں بھی پنجے گاڑ لیے ، پولیس کی مدد سے نجی زمینوں پر قبضے ، تاج پیٹرولیم کے مالک محمد علی شیخ کے فرنٹ مین عبدالکریم پہنور کاپولیس کی بھاری نفری کے ساتھ الخیر ہائوسنگ سوسائٹی میں 25 ہزار اسکوائر فٹ کمرشل پلاٹ پر قبضہ، چار دیواری گرا دی گئی، چوکیداروں پر بلدیہ تھانے میں بہیمانہ تشدد، پولیس نے بے بسی ظاہرکردی ہے ، قبضہ نہیں چھوڑا گیا تو احتجاج سمیت ہر راستہ اختیار کریں گے ، پلاٹ مالک، تفصیلات کے مطابق کراچی کے بعد حیدرآباد میں بھی قبضہ مافیا نے پنجے گاڑ لیے ہیں۔ پولیس کے مدد سے نجی زمینوں پر قبضے کرنے کا سلسلہ جاری ہے ، گزشتہ رات تاج پیٹرولیم سروس کے مالک محمد علی شیخ کے فرنٹ مین عبدالکریم پہنور عرف بگھڑی نامی شخص نے چار پولیس موبائلوں میں سوار اہلکاروں اور نجی افراد کے ساتھ مین بائی پاس پر الخیر ہائوسنگ سوسائٹی میں داخل ہوکر ساڑھے 25ہزار اسکوائر فٹ کمرشل پلاٹ نمبر 2پر قبضہ کر لیا، تمام کارروائی ایس ایچ او بلدیہ ضیاد نوناری کی سربراہی میں کی گئی۔ کارروائی کے دوران پلاٹ کی بانڈری وال مہندم کر دی گئی اور پلاٹ کی حفاظت پر مامور5افراد کو گرفتار کرکے بلدیہ تھانے منتقل کیا گیا، پلاٹ مالکان کے مطابق گرفتار افراد کو تھانے میں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور موبائل فون سمیت دیگر سامان چھین لیا، کئی گھنٹے حراست میں رکھنے کے بعد گرفتار افراد کو رہا کیا گیا، روزنامہ جرأت سے بات کرتے ہوئے پلاٹ کے ایک حصے دار ڈاکٹر عبدالمجید چھٹو نے کہا کہ اعلیٰ پولیس افسران نے قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کرنے سے انکار کرتے ہوئے بے بسی ظاہرکردی ہے ، آئی جی، ڈی آئی جی حیدرآباد اور ایس ایس پی حیدرآباد نے قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی سے انکار کردیا ہے ، ایک سال قبل انہوں نے پلاٹ خریدا تھا جس کے تمام کاغذات اور ریونیوریکارڈ موجود ہے جبکہ قبضہ مافیا کے پاس کچھ بھی نہیں ہے ، ڈاکٹر مجید چھٹو نے کہا کہ حیرت انگیز طور پر پولیس قبضہ مافیا کی حفاظت کیلئے موجود ہے لیکن اصل مالکان کی کوئی نہیں سن رہا۔ واضح رہے کہ عبدالکریم کریم عرف بگھڑی نامی شخص قبضہ مافیا سسٹم کا فرنٹ مین ہے اور کراچی سے لے کر سکھر تک تمام قبضے اس کی سرپرستی میں کیے جاتے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں