میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
یوم دفاع ،مزار قائد و اقبال پر گارڈز تبدیلی کی تقاریب

یوم دفاع ،مزار قائد و اقبال پر گارڈز تبدیلی کی تقاریب

جرات ڈیسک
منگل, ۶ ستمبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

یوم دفاع و شہدا کے موقع پر مزار قائد و اقبال پر گارڈز تبدیلی کی پر وقار تقاریب منعقد کی گئیں۔ پاکستان ائیر فورس کے چاق وچوبند دستے نے مزار قائد پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ تبدیلی گارڈز کی تقریب میں پاک فضائیہ کے 60 مرد اور 5 خواتین کیڈٹس شامل تھیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ تھے۔ ائیر وائس مارشل قیصر جنجوعہ نے مزارقائد پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کیے۔ مزار قائد پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ نے کہا کہ یوم دفاع پر پاکستانی مسلح افواج اور تمام شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پاکستانی فوج نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے آج 6 ستمبر کے دن ہی دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملایا تھا، شاہینوں نے آج ہی کے دن لاہور میں دشمنوں کے ٹینکوں کو تباہ کیا تھا، ایئر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ ہم اپنے شہدا کے ممنون ہیں جنہوں نے ملکی دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اللہ ہمیں اپنی قوم کیلئے ذمہ داریاں نبھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ یوم دفاع و شہدا کی مناسبت سے مزار اقبال پر پاکستان رینجرز پنجاب کے زیر اہتمام تقریب منعقد کی گئی۔

ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز پنجاب میجر جنرل سید آصف حسین نے مزار اقبال پر حاضری دی۔ڈائریکٹر جنرل نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ ڈی جی رینجرز نے شہداء کی قربانیوں پر روشنی ڈالی اور علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا۔ واضح رہے کہ جنگ ستمبر کے غازیوں اور شہیدوں نے جرات و بہادری کی وہ لازوال داستانیں رقم کیں جو رہتی دنیا تک یاد رہیں گی، جنگ میں بھارت کو ہر محاذ پر منہ کی کھانی پڑی تھی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں