یومِ دفاع بھر پور ملی جوش و جذبے سے منایاگیا
شیئر کریں
وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور جانوں کی پرواہ نہ کرنے والے غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں یومِ دفاع بھر پور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایاگیا۔یومِ دفاع کا آغاز نمازِ فجر کے بعد ملک کی ترقی اور خوشحالی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کو بھارت کے ظالمانہ چنگل سے آزاد کرانے کے لیے مساجد میں فجر کے بعد خصوصی دعائیں مانگ کر کیا گیا جبکہ شہدا کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔شہرقائد میں دن کا آغاز 21توپوں کی سلامی سے ہوا۔ یوم دفاع وشہدا کے موقع پر بانی وطن قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب میں پاکستان ایئرفورس اکیڈمی کے چاک و چوبند کیڈٹس نے مزارِ قائد پر گارڈ کے فرائض سنبھالے۔پاک فضائیہ نے کراچی میں یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں بانی پاکستان کے مزار پر تقریب کا انعقاد کیا، جس میں ائیر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ (ستارہ امتیاز ملٹری)ائیر آفیسر کمانڈنگ اصغر خان اکیڈمی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔مزار قائد پر گارڈز کے فرائض ائیر فورس اکیڈمی اصغر خان کے کیڈٹس نے سنبھال لئے، کل 44 کیڈٹس دستے میں شامل ہیں، جن میں سے 4 خواتین اور 40 جوان شامل ہیں۔ ایئر وائس مارشل قیصر خان جنجوعہ نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔مہمان خصوصی نے بابائے قوم کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ ایئرمارشل قیصر خان جنجوعہ نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔