ایم کیو ایم سے سیاسی معاملات آگے بڑھ رہے ہیں، گورنر سندھ
شیئر کریں
کراچی /میر پور خاص(اسٹاف رپورٹر/بیورو رپورٹ) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ عائشہ گلالئی نے 2الزامات لگائے پہلا ذاتی اور دوسرا کرپشن سے متعلق تھا، ذاتی معاملات پر سیاست نہیں کرنی چاہیے، پڑوسیوں سے بہتر تعلقات اورتجارت وقت کی اہم ضرورت ہے، چار میں سے تین سے دنگل ہورہا ہو تو پھر معاشی ترقی کیسے ممکن ہوگی، ایم کیوایم کے قانونی دفاتر کھولنے پرغور ہوگا۔ ان خیالات کا اظہارگزشتہ شب کراچی کونسل اینڈ فارن ریلیشن کے چودہ سالہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے سابق وفاقی مشیر طارق فاطمی نے بھی خطاب کیا۔گورنر سندھ نے کہاکہ عمران خان سیاسی مخالف ہیں تو ان کا مقابلہ سیاست سے ہی کرنا چاہیے، گلالئی نے موبائل مسیجز کے جو الزامات لگائے اس معاملے کو دیکھنا پارلیمانی کمیٹی کی ذمہ داری ہے، ہم سب کو فیصلے کا انتظار کرنا اور اسے قبول کرنا ہوگا، انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم سے معاملات آگے بڑھ رہے ہیں، ایم کیو ایم سے بات چیت ضروری تھی۔ سندھ کے دونوں بڑے شہروں کا مینڈیٹ ان کے پاس ہے۔مسلم لیگ ن نے ہمیشہ سے کراچی کی ترقی اور انفرااسٹریکچر کو مضبوط بنانے کی بات کی، نوازشریف نے حیدرآباد کے لیے جو ترقیاتی منصوبے کا اعلان کیا تھا اسے جلد مکمل کیا جائے گا۔ جبکہ میرپورخاص میں لیگی کارکنوں اورتاجربرادری سے خطاب میں گورنرسندھ محمد زبیر نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ کام کر رہے ہیں، 2013 کے مقابلے میں سندھ کو ڈبل فنڈز مل رہے ہیں، اگریہ پیسے صحیح خرچ کیے جائیں تو صوبے کی تقدیر بدل سکتی ہے، گورنرہاؤس کے دروازے ہر ایک کے لیے کھلے ہیں، جبکہ سندھ کے لوگوں کا حق ان کو دلاکر رہوں گا، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اگلے ہفتے کراچی آئیں گے۔