جون کا مہینہ اہم ہے،عمران خان کے ساتھ زیادتی ہوئی، شیخ رشید
شیئر کریں
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ وسابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جون کا مہینہ بہت اہم ہے، اسمبلیوں میں نہیں جائینگے، استعفیٰ دینے کے فیصلے میں شامل ہوں،عمران خان کیساتھ زیادتی ہوئی ،پاک فوج سے میرے تعلقات ہیں اور رہیں گے، ایم کیو ایم اسی مہینے میں بولے گی، سیاستدان کبھی مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرتے،الیکشن اسی سال ہوگا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اگر10/ 12 سیٹیں پنجاب سے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی جیت لیتی ہے تو حمزہ کی حکومت ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 25 مئی کو جو ایکشن لیا گیا وہ پاکستان کی تاریخ کی بد ترین دہشت گری تھی، ملک میں ایک ووٹ کی حکومت ہے، یہ وہ حکومت ہے جو کہتی تھی ووٹ کو عزت دو۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم ایک مسائل زدہ جماعت ہے، ایم کیو ایم اسی مہینے میں بولے گی۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج سے میرے تعلقات ہیں اور رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ میں آئی ایس آئی کو دنیا کا نمبر ون ادارہ سمجھتا ہوں، کسی غیر ملکی کو ویزہ دینے کیلئے تین ایجنسیوں میں سے ایک کی کلیئرنس ضروری ہے جس بیوقوف نے یہ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے اس نے ووٹ کو عزت دو کے بیانئے پر طمانچہ مارا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آصف زرداری نے ان کو لاہور کے لکشمی چوک میں لے جا کر سیاسی طور پر غرق کیا، (ن) لیگ چاہتی تھی کہ عوام اور فوج کی لڑائی ہو، فوج نے بہت ذمہ داری کا مظاہرہ کیا البتہ رینجر ز نے تھوڑا ہاتھ بھاری رکھا۔ انہوں نے کہاکہ سیاستدان کبھی مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرتے، میں اس کو سیاستدان نہیں مانتا جو مذاکرات کے دروازے بند کرے، جس ملک کے وزیرداخلہ پر فرد جرم لگنی ہے ایسی حکومت پرلعنت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ30 جون تک انتظار کریں بہتر فیصلے آجائیں گے، یہ طے ہے کہ اس حکومت نے گھر جانا ہے، اگر عمران خان کی گرفتاری کرنے جا رہے ہیں تو وہ اس کیلئے بھی ذہنی طورپر تیار ہے، عمران خان جلدی الیکشن کی طرف جائے گا اورالیکشن اسی سال ہوگا، عمران خان کو پتہ ہے کہ خیبر پختونخوا میں کیا تقریرکرنی ہے؟۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 20 سیٹوں پر ہونیوالے ضمنی انتخابات بہت اہم ہیں، عمران خان کا اسمبلی میں نہ جانے کا فیصلہ ٹھیک ہے، جس اسمبلی کا اپوزیشن لیڈر گرینڈ لوٹا ہو اس اسمبلی کی کارروائی کون دیکھتا ہے؟۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ جو جال انہوں نے عمران خان کیلئے بچھایا تھا اس میں وہ خود پھنس گئے ہیں، عمران خان الیکشن کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن کو قبول نہیں کریں گے، اسی سال یہ حکومت الیکشن میں نہ گئی تو ذلیل وخوار ہوگی، جنتی مرضی ویڈیو و آڈیو نکالیں بات اس سے بہت آگے نکل چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سڑکوں پر نکلے گی، (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی سو سال کے لیے اتحاد کریں ہمیں کوئی پریشانی نہیں، نواز شریف کب پاکستان آئیں گے یہ سوال شہباز شریف سے کرنا چاہیے؟