میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
قومی اسمبلی ، عمران خان کے متنازع بیان کے خلاف مذمتی قرارداد منظور

قومی اسمبلی ، عمران خان کے متنازع بیان کے خلاف مذمتی قرارداد منظور

ویب ڈیسک
منگل, ۷ جون ۲۰۲۲

شیئر کریں

قومی اسمبلی نے سابق وزیراعظم عمران خان کے متنازع بیان کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کی ملکی دفاع کیلئے ناقابل تسخیر خدمات ہیں ، ایوان بہادر فوج کو ملک کے دفاع کیلئے دی جانیوالی قربانیوں پر خراج تحسین اور عمران خان کی افواج پاکستان کو سیاسی مقاصد کیلئے بدنام کرنے کی کوشش کی بھر پور مذمت کرتا ہے ،سابق وزیراعظم کیخلاف ریاست سپریم کورٹ سے رجوع کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائے ۔پیر کو قومی اسمبلی میں اس حوالے سے وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے قرارداد پیش کرنے کی اجازت چاہی۔ سپیکر کی جانب سے اجازت ملنے پر انہوں نے ایوان میں قرارداد پیش کی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ یہ ایوان سابق وزیراعظم عمران خان نیازی کے اس ٹی وی انٹرویو کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر اسٹیبلشمنٹ نے درست فیصلے نہ کئے تو میں تحریری ضمانت دیتا ہوں کہ خدانخواستہ پاک فوج بطور ادارہ تباہ ہو جائے گا، پاکستان کی ایٹمی حیثیت ختم ہو جائے گی اور نعوذ باللہ ملک کے تین ٹکڑے ہو جائیں گے۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ یہ ایوان بخوبی واقف ہے کہ فوج آئین اور قانون کے مطابق نہ صرف اپنی ذمہ داریوں بلکہ ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت بھی کر رہی ہے۔ افواج پاکستان کی ملک و قوم کیلئے قابل تعریف خدمات ہیں،پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ یہ ایوان ان قربانیوں پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتا ہے،ایوان افواج پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش اور ملک کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے کی بات کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتا ہے،یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ سابق وزیراعظم کے خلاف ریاست سپریم کورٹ سے رجوع کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائے کیونکہ سابق وزیراعظم کا بیان ملکی سالمیت، یکجہتی اور ایٹمی پروگرام پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں