میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
عید کی آمد آمد، ٹرانسپورٹرز کی ہٹ دھرمی، ٹکٹیں بلیک میں فروخت

عید کی آمد آمد، ٹرانسپورٹرز کی ہٹ دھرمی، ٹکٹیں بلیک میں فروخت

ویب ڈیسک
اتوار, ۷ اپریل ۲۰۲۴

شیئر کریں

عید قریب آتے ہی شہرقائد سے دیگر شہروں میں پردیسیوں کی واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا اور ٹرانسپورٹرز نے بھی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹکٹیں بلیک میں فروخت کرنا شروع کر دیں،وزیرٹرانسپورٹ نے زائد کرایہ وصول کرنیوالے ٹرانسپورٹرز کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی ہے ۔تفصیلات کے مطابق آبائی علاقوں کو پردیسیوں کی واپسی کے باعث شہرقائدکے بس ٹرمینلز پر رش بڑھ گیا مگر ٹکٹیں میسر نہیں جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔صدر میں واقع ٹرمینل پر ٹکٹ کے حصول کے لیے لوگوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، ٹرانسپورٹرز نے گاڑیوں کی کمی کا بہانہ بنا کر بلیک ٹکٹنگ شروع کر دی۔ایم اے جناح روڈ پرواقع ٹرمینل پر موجود ایک بزرگ خاتون مسافر نے بتایاکہ روزے کی حالت میں گھنٹوں سے لائن میں کھڑی ہوں مگر ٹکٹ نہیں ملی، آبائی علاقے جانے کے لیے کوئی متبادل انتظام بھی نہیں۔کراچی سے لاہور اور پشاور جانے والی تمام ٹرینوں کی عید تک 100 فیصد بکنگ مکمل ہو گئی، سیٹوں کی مزید بکنگ نہ ہونے کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔واضح رہے کہ ریلوے کی جانب سے مسافروں کی سہولت کے لیے 4 عید اسپیشل ٹرینیں بھی چلائی گئی ہیں، چاروں عید اسپیشل ٹرینوں کی بھی بکنگ مکمل ہو چکی ہے ، مسافروں کے رش کے پیش نظر ریلوے انتظامیہ نے عید اسپیشل ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔دوسری جانب مسافروں کا عید کے دنوں میں ٹکٹوں میں ریلیف نہ دینے کا شکوہ کرتے ہوئے کہاکہ رش بڑھ گیا ہے اوپن ٹکٹ ہی مل رہی ہے، کوشش یہی ہے کہ جلد از جلد اپنے بچوں کے پاس پہنچ جائیں، ریلوے انتظامیہ ٹرینوں کے ساتھ مزید کوچز لگائے تاکہ پردیسیوں کی مشکلات کم ہوسکیں، ٹرینوں میں سہولیات کا فقدان ہے اس پر بھی توجہ دی جائے۔دوسری جانب سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اضافی کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سندھ کے تمام افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں، اضافی کرایہ وصول کرنے کی شکایات پر متعلقہ حکام فوری کارروائی کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ عوام کو ہر طرح کا ریلیف دینے کے لئے پرعزم ہے، مسافروں کو پریشان کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اضافی کرایوں کی وصولی کے خلاف مہم عید کے بعد بھی جاری رہے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں