میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ریڈ لائن بس چلانے کا منصوبہ اعلانات تک محدود

ریڈ لائن بس چلانے کا منصوبہ اعلانات تک محدود

ویب ڈیسک
جمعه, ۷ اپریل ۲۰۱۷

شیئر کریں

صوبائی حکومت کے بیشتر ٹرانسپورٹ منصوبے تکمیل سے پہلے ہی رک گئے
٭ ٹاور سے صفورا چورنگی تک ریڈ لائن بس چلانے کا منصوبہ بنایا گیا،ایشیائی ترقیاتی بینک نے قرض فراہمی کے لیے نقشہ مانگا جو فراہم نہ کیے جانے پر بینک پیچھے ہٹ گیا،ٹرانسپورٹ کے بیشتر صوبائی منصوبے نامکمل
٭ وزیر اعلیٰ نے شاہراہ فیصل کی نصف سڑک مکمل کرانے کے بعد کام بند کرا دیا، یونیورسٹی روڈ کا کام مکمل بھی نہیں ہوا اور ٹھیکیدار غائب، یہی حشر طارق روڈ کا ہوا ،شہر کی سڑکیں کھنڈرات کا منظرپیش کر رہی ہیں
الیاس احمد
کسی بھی شہر یا ملک کی ترقی کی پہلی سیڑھی سڑکیں ہوتی ہیں کیونکہ روڈ راستے ہوں گے توکاروبارہوگااور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری بھی ہوگی۔ وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف میں ایک خوبی یہ ہے کہ انہوں نے پنجاب میں سڑکوں کا جال بچھا دیا ہے اور پنجاب کے چھوٹے بڑے شہر سڑکوں کے معاملے میں یورپی ممالک کی طرح نظر آتے ہیں، موٹروے کی بنیاد بھی نواز شریف نے ہی رکھی تھی۔گوادر سے پشاور اور وسطی ایشیا، کے علاوہ چین تک یہی موٹر وے ہی بن رہا ہے جس سے ملک کی ترقی کا آغاز ہو گا ۔پرویز مشرف کے دور میں جب نعمت اللہ خان اور مصطفی کمال سٹی ناظم بنے تب کراچی میں انڈر پاس، اوور ہیڈ پل بنے ،اچھی سڑکیں تعمیر کی گئیں لیکن اس کے بعد ترقی کا یہ سفر رک گیا۔
اب مراد علی شاہ نے شاہراہ فیصل کی کھدائی کرکے نصف سڑک مکمل کرانے کے بعد کام بند کرا دیا ہے، یونیورسٹی روڈ کی کھدائی تو کی گئی ہے لیکن ا س کا کام مکمل بھی نہیں ہوا اور ٹھیکیدار غائب ہوگئے ۔ یہی حشر طارق روڈ کا ہوا ہے ۔ بس ہر طرف سڑکیں کھنڈرات کا منظرپیش کر رہی ہیں۔ بڑے بڑے دعویٰ کیے گئے ،اہم اعلان ہوئے مگر کراچی میں لیاری بائی پاس کا منصوبہ تا حال نامکمل ہے ۔ سرکلر ریلوے کا منصوبہ کراچی کے شہریوں کے لیے ایک خواب بن کر رہ گیا ہے، گرین لائن بس چلیں مگر پھر خراب ہوئیں تو ان کو بند کرکے کھڑا کر دیا گیا ہے ۔
اس کے علاوہ کراچی میں ٹاور سے صفورا چورنگی تک ریڈ لائن بس چلانے کا منصوبہ بنایا گیا مگر وہ بھی سرکاری کاغذات تک محدود رہا ،ریڈ لائن منصوبہ کچھ اس طرح ڈیزائن کیا جانا تھا کہ کراچی کے اہم علاقے ٹاور سے صفورا تک ایک ایسی سڑک بننی تھی جو زمین سے 20 فٹ اوپر ہوگی جس طرح سڑک اسلام آباد۔ راولپنڈی میں بنی ہے پورے راستے میں ستون (پلر) بنا کر اس پر سڑک بنائی جانی تھی ،صفورا سے نیپا، حسن اسکوائر، شاہراہ قائدین سے ٹاور تک 43 اسٹیشن بنائے جانے تھے ،400 سے زائد بس چلائی جانی تھیں اور روزانہ 4 لاکھ افراد سفر کرتے۔ اس مقصد کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک سے قرضہ بھی لینا تھا تاکہ جس طرح راولپنڈی سے اسلام آباد کا سفر20 منٹ میں مکمل ہوتا ہے، اسی طرح کراچی کی دو انتہاﺅں پر واقع مقامات صفورا سے ٹاور تک کا سفر بھی30 منٹ کے اندر پورا ہوسکے ۔اس سے سرکاری اداروں اور اعلیٰ عدالتوں میں کام کرنے والے ملازمین دفاتر تک وقت پر پہنچیں اور واپس بھی سکون سے جاسکیں ۔ریڈ لائن منصوبے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک نے ڈیزائن رپورٹ طلب کرلی، اس منصوبہ پر 70 کروڑ روپے کی لاگت آنی تھی لیکن حکومت سندھ نے بروقت نہ تو 70 کروڑ روپے جاری کیے اور نہ ہی منصوبے کی ڈیزائن تیارہو سکا جس کے باعث ایشیائی ترقیاتی بینک بھی پیچھے ہٹ گیا اور سب سے بے وقوفی والا عمل یہ کیا گیا کہ یونیورسٹی روڈ کی کھدائی کرکے اس روڈ کی دوبارہ تعمیر کرائی جا رہی ہے ،جب ریڈ لائن منصوبے کے لیے پلر (ستون) بنائے جائیں گے تو اس وقت پھر اس نئی تعمیر شدہ سڑک کی کھدائی کرنا پڑے گی، پھر شہری نئے عذاب کا سامنا کریں گے ۔اگر حکومت سندھ ریڈ لائن منصوبے پر سنجیدہ ہے تو اس کا فرض ہے کہ جیسے ہی یونیورسٹی روڈ کی تعمیر کا آغاز کرے تو ریڈ لائن روٹ کے لیے بھی پلر نصب کرنا شروع کرے تاکہ بیک وقت دونوں منصوبوں پر کام مکمل ہوتا جائے اور شہریوں کو دہرے عذاب کا شکار نہ ہونا پڑے اور سڑکوں کی بار بار کھدائی نہ کی جائے، اس سے سڑکیں بھی مضبوط اور پائیدار بنیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ریڈ لائن منصوبے کے لیے ابھی تک کوئی حکمت عملی تیار نہیں کی گئی۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس منصوبے کا آغاز بھی نہیں کیا گیا،صرف اعلانات کرکے شہریوں کو نفسیاتی طورپر خوش کیا گیا۔ اس طرح کے منصوبے ٹاور سے براستہ قائد آباد گلشن حدید تک ، کلفٹن سے سرجانی ٹاﺅن تک اورٹاور سے کورنگی تک بن جائیں، لیاری ایکسپریس وے منصوبہ مکمل کرلیا جائے تو کراچی میں ٹریفک کا مسئلہ کسی حد تک حل ہو جائے گا لیکن حکمرانوں کو کون سمجھائے۔ ریڈ لائن منصوبے کے بارے میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ ریڈ لائن منصوبہ حکومت سندھ نے تیار کیا ہے اور اس منصوبے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک سے قرضہ بھی مانگا ہے اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے قرضے کی حامی بھی بھری ہے لیکن ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ وہ یہ منصوبہ آئندہ سال شروع کریں گے۔ وزیرموصوف نے یہ بات کرکے شہریوں کو ایک سال کے لیے انتظار کرنے کی نوید سنا دی ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ حکومت سندھ اس منصوبے کا اعلان کرکے اس سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔ اگر ایشیائی ترقیاتی بینک نے ایک سال بعد قرض دینے کے لیے کہا ہے تو کم از کم یہ تو کیا جاتا کہ ڈیزائننگ کے لیے 70 کروڑ روپے جاری کیے جاتے اور اس کا آغاز بھی کیا جاتا تو پھر شہری یہ سمجھتے کہ حکومت سندھ یہ منصوبہ مقررہ وقت پر شروع کرکے مقررہ وقت تک مکمل کرنا چاہتی ہے ۔لیکن حکومت سندھ نے تو جو منصوبے شروع کیے ہیں ان کو بھی نامکمل چھوڑ دیا ہے تو وہ ریڈلائن منصوبہ کیسے شروع کرتی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں