میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم میں لفظی جنگ چھڑ گئی،ایک دوسرے پر سنگین الزامات

پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم میں لفظی جنگ چھڑ گئی،ایک دوسرے پر سنگین الزامات

ویب ڈیسک
جمعه, ۶ دسمبر ۲۰۲۴

شیئر کریں

پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم میں لفظی جنگ شروع ہو گئی، ایک دوسرے پر سنگین الزامات لگا دیے ۔ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق پیپلز پارٹی کی بدترین جبری حکمرانی نے کراچی کو پانی کی بوند بوند کے لیے ترسا دیا ہے ۔ پیپلزپارٹی نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ سمیت شہر کے تمام اداروں کو تباہ کردیا ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ موسم سرما میں بھی پانی کی قلت باعث حیرت اور سندھ حکومت کی نااہلی کا ثبوت ہے ۔ پیپلز پارٹی کو صرف کرپشن کرنا آتی ہے ، جو پورے صوبے میں زور و شور سے بلاناغہ جاری ہے ۔ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ کراچی میں ناجائز ہائیڈرنٹس کے ذریعے پانی بیچا جارہا ہے اور شہریوں کے نلوں میں پانی میسر نہیں ہے ۔ کراچی کے شہری وفاق کو 70 فیصد اور صوبے کو 90 فیصد ٹیکس دیتے ہیں باقی جو بچتا ہے پیپلز پارٹی کی کرپشن کی نذر ہوجاتا ہے ۔ ترجمان نے بیان میں مزید کہا کہ ملک کو سب سے زیادہ کما کر دینے والے شہریوں کو بنیادی سہولیات تک نہیں دی جارہی ہیں۔ وفاقی نے کراچی کے شہریوں کو متعصب اور کرپٹ حکومت کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے ۔ کراچی میں پانی کی مصنوعی قلت کو فی الفور ختم کر کے پورے شہر کو بلاتعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے ایم کیو ایم کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے اداروں کی تباہی کی ذمے دار ایم کیو ایم ہے ۔ واٹر بورڈ، کے ایم سی، کے ڈی اے ، ایم ڈی اے سمیت تمام اداروں کی بربادی کے پیچھے ایم کیوایم کا بھیانک کردار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرامن اور روشنیوں کے شہر کراچی کو دہشت گردی میں دھکیلنے والی ایم کیو ایم کس منہ سے کراچی کے مسائل پر بات کرسکتی ہے ۔ ایم کیو ایم کی نفرت کی سیاست کو کراچی کے عوام نے دفن کردیا ہے ۔سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک مردہ سیاسی گھوڑا ہے ۔ ایم کیو ایم شدید اندرونی انتشار کا شکار ہے ۔ ایم کیو ایم، پی ایس پی کے مکمل قبضے میں جاچکی ہے ۔ ایم کیو ایم بتائے کہ بلدیاتی انتخابات سے کیوں راہ فرار اختیار کی تھی؟انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آج کراچی کی مقبول سیاسی جماعت ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے عوامی خدمت کے ذریعے کراچی میں اپنی جگہ بنائی ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے مسائل کو حل کرنے مصروف عمل ہے ۔ آئندہ انتخابات میں ایم کیو ایم کو کراچی سے امیدوار بھی نہیں ملیں گے ۔ سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر عبدالوسیم نے سعید غنی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اندرونی انتشار کا شکار پیپلزپارٹی رہنما کا بیان کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہے ۔ پیپلزپارٹی رہنماؤں کی وزارتوں کے حصول کے لیے ہونے والی رسہ کشی زبان زدعام ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری ادارے تباہ کرنے والے وڈیرے کس منہ سے شہر کی نمائندہ جماعت پر الزامات لگا رہے ہیں۔ صوبائی خودمختاری کے بعد گزشتہ 16 سال سے صوبے کی مطلق العنان حکومت پیپلزپارٹی کے پاس ہے ۔عبدالوسیم نے کہا کہ پیپلزپارٹی کیوں شہری اداروں میں گزشتہ 3 ادوار میں بہتری نہ لاسکی۔ شہری عوام و اداروں کو انکا جائز حق اور اختیارات دینے کے بجائے صوباء اسمبلی میں متعصبانہ قانون سازی کی جاتی ہے ۔ ایم کیوایم ہر سطح پر پیپلزپارٹی کے متعصب کردار کو بے نقاب کرتی رہے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں