ملک میں چینی کابدترین بحران
شیئر کریں
ملک بھرمیں چینی بحران مزید بڑھنے کا خدشہ ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق گنے کا کرشنگ سیزن شروع کرنے پر پنجاب حکومت اور ملز مالکان میں ڈیڈ لاک پیدا ہوگیا ہے اور جس کے باعث چینی کا بحران مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب میں پندرہ نومبر اور دیگر شوگر ملز کو بیس نومبر سے کرشنگ شروع کرنے کی ہدایت تھی۔شوگر ملز ایسوسی ایشن نے کرشنگ شروع کرنے سے انکار کرتے کہا ہے کہ 27نومبر سے پہلے کرشنگ شروع نہیں کر سکتے۔ ۔دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فی کلو چینی کی قیمت150 روپے تک پہنچ گئی ۔ہول سیل مارکیٹ میں چینی کا 50کلو کا بیگ 720روپے اضافے کے ساتھ 7 ہزارروپے کا ہوگیا ہے۔ گزشتہ روز ہول سیل مارکیٹ میں چینی کے 50کلوبیگ کی قیمت 6280 روپے تھی۔ پرچون دکانوں پر چینی 150روپے فی کلو میں فروخت ہوگی۔راولپنڈی میں چینی کی قیمت اوپن مارکیٹ میں 130روپے تک پہنچ گئی ۔ لاہورمیں مقامی چینی کے50 کلو کے تھیلے کی قیمت 7 ہزار روپے سے بڑھ گئی ۔ اکبری منڈی میں 50 کلو کا تھیلا7 ہزار 50 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ درآمد شدہ باریک چینی کا تھیلا 4 ہزار 356 روپے میں دستیاب ہے۔چینی کا فی کلو ہول سیل ریٹ141 روپے ہے۔ ہول سیل ڈیلرز نے کہا ہے کہ ملز مالکان چینی سپلائی نہیں کررہے۔چمن میں ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافہ ہو گیا ۔ تھوک مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت 140 روپے ہو گئی ہے۔پشاورمیں بھی چینی کی قیمت فی کلو 10 روپے بڑھ گئی ۔ ڈیلرز نے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے اوربوری کی قیمت 7ہزارتک پہنچ سکتی ہے۔ڈیلرز کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں چینی کا ا سٹاک کم ہے اور قیمتوں میں کمی کرشنگ کے بعد ہی متوقع ہے۔پشاور میں 20دن قبل 100روپے فی کلو تھی اور 140 تک پہنچ گئی ۔ 50 کلو بوری کی قیمت 6050سے 6650 تک چلی گئی ۔قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں چینی کہیں120 روپے تو کہیں 150 روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگی جبکہ بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ میں چینی 155 روپے فی کلو میں بکنے لگی۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق شہرِ قائد میں چینی کی ایکس مل قیمت 1 روپے کم ہو کر 136 روپے ہو گئی ہے، جبکہ ہول سیل میں بھی چینی کا ریٹ 136 روپے ہے۔کراچی میں ریٹیل سطح پر چینی 120 روپے سے 150 روپے کلو تک میں فروخت ہو رہی ہے۔ادھر کوئٹہ میں چینی کی قیمت میں 5 روپے کا مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد شہر میں چینی کی قیمت 150 روپے فی کلو سے بڑھ کر 155 روپے فی کلو ہو گئی۔کوئٹہ میں چینی کی قیمت میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے جہاں گزشتہ 3 روز کے دوران چینی کی فی کلو قیمت میں 42 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ صرف 1 روز میں کوئٹہ میں چینی کی قیمت میں 26 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔بلوچستان کے دارالخلافہ میں گذشتہ روز صبح کے وقت چینی 129 روپے اور شام کے وقت 150 روپے فی کلو میں فروخت کی جا رہی تھی۔ادھر خیبر پختون خوا حکومت کو وفاق کی جانب سے اگلے ہفتے10 ہزار میٹرک ٹن چینی مل جائے گی جس سے شہریوں کو کم قیمت پر چینی دستیاب ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔