تنخواہ دار طبقے پر اضافی ٹیکس کا جواز سمجھ نہیں آرہا، چیف جسٹس
شیئر کریں
کارپوریٹ سیکٹر میں دس لاکھ تنخواہ کی انکم پر 30 فیصد ٹیکس کا کیا جواز ہے،جسٹس منصورعلی شاہ ، ہم نے صرف کارپوریٹ سیکٹر پر ٹیکس لگایا ہے،ایڈیشنل اٹارنی جنرل
دس لاکھ فیس لینے والے وکیل اور بزنس مینوں پر بھی 3 فیصد ٹیکس کیوں نہیں؟،90 فیصد ٹیکس لگا دیں لیکن تفریق نہ کریں،جسٹس فائز، ایف بی آر کی اپیلیں مسترد
اسلام آباد(بیورورپورٹ) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ تنخواہ دار طبقے پر اضافی ٹیکس کا جواز سمجھ نہیں آرہا۔سپریم کورٹ میں تنخواہ دار طبقے پر اضافی ٹیکس سے متعلق اپیلوں پر کیس کی سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ نے ایف بی ار کے وکلا کی سرزنش کردی۔جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر میں دس لاکھ تنخواہ کی انکم پر 30فیصد ٹیکس کا کیا جواز ہے؟ دس لاکھ تنخواہ پر ٹیکس عائد کرنے پر تفریق کیوں کی گئی۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ دس لاکھ فیس لینے والے وکیل اور بزنس مینوں پر بھی 3 فیصد ٹیکس کیوں نہیں؟، آپ بالکل ٹیکس لگائیں،90فیصد ٹیکس لگا دیں لیکن تفریق نہ
کریں۔وکیل ایف بی آر نے جواب دیا کہ اضافی ٹیکس صرف بونس پرلگایا گیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ بونس بھی تو آمدن کا حصہ ہے، بونس پر الگ سے ٹیکس کیوں لگایا گیا؟، آپ نے کمپنی سے ٹیکس نہیں لیا اور ملازم سے لے لیا۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہم نے صرف کارپوریٹ سیکٹر پر ٹیکس لگایا ہے۔ جسٹس منصور علی شاہ نے پوچھا کہ کارپوریٹ سیکٹر کی تعریف کیا ہے؟۔اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ کارپوریٹ سیکٹر کی کوئی تعریف نہیں ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے پر اضافی ٹیکس کا جواز سمجھ نہیں آرہا۔ سپریم کورٹ نے اضافی ٹیکس کے حوالے سے ایف بی آر کی اپیلیں مسترد کر دیں۔