کشمیر پر کوتاہی برتی تو دنیا کبھی معاف نہیں کرے گی، شیخ رشید
شیئر کریں
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان اس وقت تک امن قائم نہیں ہوسکتا ہے جب تک کہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہو۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کشمیر پر اگر ہم نے کوتاہی برتی تو دنیا کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے ملتان ریلوے سٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم کشمیریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں اوروطن عزیز کے لیے جانیں دینے والے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہندوستان گزشتہ 72 سالوں سے کشمیریوں کے ساتھ بربریت کررہا ہے لیکن اب فیصلے کا وقت آگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی سازش ہے کہ وہاں پیسہ لگائے اور کشمیریوں کو ویزوں کا لالچ دے لیکن کشمیری سوائے آزادی کے کچھ نہیں چاہتے ہیں۔انہوں نے بھارتی اقدامات کے حوالے سے کہا کہ ہندوستان نے کشمیر کے معاملے کو چھیڑ کر بہت بڑی غلطی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے ،ہندوستان پاکستان کی سرحدوں کی طرف بڑھا تو اسے نیست و نابود کر دیں گے ، ہم نے اسلحہ شب برات پر چلانے کے لئے نہیں رکھا، بھارت نے جنگ مسلط کی تو یہ آخری جنگ ثابت ہو گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ مسئلہ کشمیر پر حکومت اور اپوزیشن کو ایک صفحے پر ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کے لئے کچھ لوگ پلی بارگین کر رہے ہیں، نواز شریف پلی بارگین کے لئے براہ راست بات کریں، عمران خان کو کہا ہے کہ یہ کنجوس لوگ ہیں ان سے جو ملتا ہے لے لیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں قومیں تباہ ہوتی ہیں لیکن پھر کھڑی ہوجاتی ہیں مگر اس کے لیے شرط یہی ہے کہ ان میں جذبہ زندہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ انشا اللہ وقت آنے پر پاکستان کے جھنڈے تلے اپنی جان دینے میں فخر محسوس کریں گے ، شہدا ہمارا اثاثہ ہیں، پاکستان کا ہر نوجوان سرفروش ہے ، مسئلہ کشمیر پر حکومت اور اپوزیشن کو ایک ہونا چاہیے ۔انہوں نے اعلان کیا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک ٹرین کراچی سے کشمیریوں کو لے کر چلائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کو سندھ ایکسپریس کا تحفہ دیا ہے اور ٹرین کے مسافروں میں 80 لاکھ کا اضافہ کیا ہے ۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ 22/24 کروڑ مسلمانوں کو ہندوستان میں دوسرے درجے کا شہری بنادیا گیا ہے ۔