غیرقانونی اشتہارات ،یوسف رضاگیلانی ودیگر پر فرد جرم کیلئے 27اگست کی تاریخ مقرر
شیئر کریں
احتساب عدالت نے اشتہارات کے غیرقانونی ٹھیکوں کے کیس میں سابق وزیر اعظم یو سف رضا گیلانی سمیت ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 27 اگست کی نئی تاریخ مقرر کر دی ۔ منگل کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں اشتہارات کے غیرقانونی ٹھیکوں کے کیس کی سماعت ہوئی،سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کی جانب سے ان کے وکیل عدالت کے روبرو پیش ہوئے ۔سماعت کے آغاز پر احتساب عدالت کے جج طاہر محمود نے نیب پراسیکوٹر سے استفسار کیا کہ فرد جرم عائد کرنے کے لیے تاریخ مقرر کی ہے ؟کیا سارے ملزمان حاضر ہیں؟ جس پر نیب پراسیکوٹرنے عدالت کو بتایا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو مستقل استثنیٰ حاصل ہے اور انہیں مستقل استثنیٰ کی سہولت عدالت نے دی ۔اس موقع پر جج طاہر محمود نے نیب پراسیکوٹر سے استفسار کیا کہ فرد جرم عائد کرنے کے لیے تاریخ مقرر کی ہے انعام اکبر کو کیوں پیش نہیں کیا گیا ہے ؟جس پر نیب پراسیکوٹرنے عدالت کو بتایا کہ انعام اکبر کے خلاف کراچی میں کیسز چل رہے ہیں ،اس لیے ان کو پیش نہیں کیا جا سکا۔بعد ازاں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی موخر کرتے ہوئے فرد جرم عائد کرنے کے لیے 27 اگست کی نئی تاریخ مقرر کردی ۔