محکمہ صحت میرپورخاص ‘اکائونٹس افسر نے سول اسپتال میں کرپشن کا بازار گرم کردیا
شیئر کریں
محکمہ صحت سندھ کے اکائونٹس افسر شیر محمد چانہیو نے میرپورخاص سول اسپتال میں کرپشن کا بازار گرم کردیا، کرپشن کے ذریعے کروڑوں روپے کے اثاثوں کا مالک بن گیا، اینٹی کرپشن اور محکمہ صحت میں تحقیقات کے باوجود شیر محمد چانہیو عہدے پرتاحال براجمان۔ جرأت کو موصول دستاویز کے مطابق میرپورخاص سول اسپتال میں ادویات کی خریداری میں 2 کروڑ 85 لاکھ روپے کی کرپشن کیس کی انکوائر ی ہورہی ہے، اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر ہری چند اور اکائونٹس افسرشیر محمد چانہیو کو اینٹی کرپشن سندھ کی جانب سے متعدد بار نوٹس جاری کئے گئے کہ وہ اپنا بیان ریکارڈ کروائیں، اس کے علاوہ اینٹی کرپشن حکام نے سیکریٹری صحت کولیٹر ارسال کرکے ایم ایس ڈکٹر ہری چند اور اکائونٹس افسر شیر محمد چانہیو کے خلاف تحقیقات کے حوالے سے اپنی رپورٹ طلب کرلی ہے۔اینٹی کرپشن کے افسران کا کہنا ہے کہ شیر محمد چانہیو نے گزشتہ برسوں کے دوران ضلع سانگھڑ میں 60 کروڑ روپے کی مالیت کی 80 ایکڑ زمین، کھپرو میں 9 لاکھ روپے کا ایک مکان، میرپورخاص میں 3کروڑ روپے کی مالیت کے 3 پلاٹ، اپنے آبائی گائوں میں 80 لاکھ روپے کا بنگلہ تعمیر کروایا ہے۔ دستاویز کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے 30 جنوری 2020 کو نوٹیفکیشن جاری کرکے میرپورخاص سول اسپتال کے اکائونٹس افسر شیر محمد چانہیو پر کرپشن الزامات کے حوالے سے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی، ایڈیشنل سیکریٹری کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی کی رپورٹ تاحال سامنے نہیں آئی، تحقیقاتی کمیٹی کے قیام کے ساتھ اکائونٹس افسر شیر محمد چانہیو کو عہدے سے فارغ کرکے محکمہ صحت سندھ سیکریٹریٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی۔کروڑوں روپے کی کرپشن کے الزامات کے باوجودشیر محمد چانہیو2 سال بعد میرپورخاص سول اسپتال میں واپس آگئے اورتاحال اکائوٹنس افسرکے طور پر تعینات ہیں ، اس کے ساتھ کرپشن میں اکائوٹنس افسر کا ساتھ دینے والے ڈاکٹر ہری چند ایم ایس سول اسپتال میرپورخاص کے عہدے پر موجود ہیں۔