ایس او پیز پر عمل نہیں ہوا تو سخت پابندیوں کا فیصلہ ہو سکتا ہے، این سی اوسی
شیئر کریں
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا سے متعلق ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مزید سخت پابندیوں کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور ترقی و چیئرمین این سی او سی اسد عمر کی صدارت میں اجلاس ہوا جہاں کورونا سے متعلق ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ خلاف ورزیاں ریسٹورنٹس، ان ڈور جم، شادی ہالز، ٹرانسپورٹ، مارکیٹس، سیاحت اور دیگر شعبوں میں دیکھی گئیں۔این سی او سی کے مطابق ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں سخت پابندیوں کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ تمام چیف سیکرٹریز پر مشتمل این سی او سی کا خصوصی اجلاس بلا لیا گیا ہے، جس میں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔مذکورہ اجلاس میں ایس او پیز کے نفاذ کا ایک سخت طریقہ کار اور تمام اکائیوں میں ویکسینیشن کے عمل کو تیز کرنے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔این سی او سی نے کہا کہ ویکسینیشن کے تصدیقی پورٹل کا اجرا کر دیا گیا ہے اور اس پورٹل کا مقصد تصدیقی عمل کو ان مقامات پر ممکن بنانا ہے جہاں داخلے کے لیے ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ویکسین لینے والا تمام عملہ اور عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ ویکسین لگواتے وقت اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کا ویکسینیشن ریکارڈ نیشنل ایمیونائزیشن مینیجمنٹ سسٹم (نمز) میں درج کر دیا گیا ہے۔