9 مئی کو بانی پی ٹی آئی نے عوام کو ورغلایا،شرجیل میمن
شیئر کریں
وزیرٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ 9؍مئی کو بانی پی ٹی آئی نے عوام کو ورغلایا۔اپنے ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ اپنے اقتدار کے لیے کوئی لیڈر عوام کو بے وقوف بنائے تو اس کی بات نہیں سننی چاہیے ، 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ، کراچی میں بسوں اور ایمبولینسوں کو آگ لگائی گئی، جناح ہاؤس کو نقصان پہنچایا گیا۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ جن معصوم بچوں کو بانی پی ٹی آئی نے استعمال کیا وہ جیلوں میں ہیں، یہ سبق ہے کہ کوئی بھی لیڈر تشدد کی ترغیب دے اسے نہیں سننا چاہیے ۔شرجیل میمن نے کہا کہ ہم وفاق میں نہیں ہیں، حکومت کو کام کرنے سے روک نہیں رہے ، جو بھی کام ملک کے فائدے میں ہو گا اس میں پی پی ساتھ کھڑی ہو گی، پاکستان اب صحیح راہ پر جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سی ای سی نے جو فیصلے کیے تھے ہم انہی فیصلوں پر چل رہے ہیں، ہم ملکی فائدے کے کام میں حکومت کا ساتھ دیں گے ۔علاوہ ازیں کراچی میں ملیر ہالٹ پر ریڈ لائن منصوبے پر جاری کام کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ نگراں حکومت آنکھیں بند کر کے سو گئی تھی۔شرجیل میمن نے کہا کہ آج بھی ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کام کر رہا ہے ، یلو لائن بی آر ٹی پر بھی ہم نے کام شروع کروا دیا ہے ، کچھ لوگ مایوسی کی باتیں کر رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر منفی خبریں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کی پہلی ترجیح عوامی فلاح ہے ، ریڈ لائن منصوبے پر کام شروع کرا دیا ہے ، جناح ایونیو پر انڈر پاس پر بھی کام جاری ہے ۔شرجیل میمن نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کراچی کی بہت بڑی ضرورت ہے ، آپ کو ہمارے ایکشن سے نظر آئے گا کہ حکومت سنجیدہ ہے ، ریڈ لائن بی آر ٹی ایک بڑا پروجیکٹ ہے ، جب منصوبہ شروع ہوا تو کنٹریکٹرز کو مسائل کا سامنا تھا۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ حکومت کا کام ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرے ، ہماری کوشش ہے کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر اپنے پیروں پر کھڑا ہو، ہماری ترجیح ہے کہ شہریوں کو سفری سہولتیں عملی طور پر فراہم کریں۔