احتساب اور شفافیت کیلئے قوانین پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی،وزیر اعظم
شیئر کریں
وزیراعظم شہباز شریف سے لاہور میں ریٹائرڈ اور حاضر سروس سول و انتظامیہ کے افسران نے ملاقات کرکے گورننس، انتظامی امور اور پالیسیوں کے نفاذ کے حوالے سے اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دل کی گہرائیوں سے آپ کو عید کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔پاکستان کی خوشی قسمتی ہے کہ یہاں آپ جیسے قابل افسران موجود ہیں،بلاشبہ آپ ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں،قابل افسران سیاسی حکومت کی ملکی ترقی و خوشحالی میں رہنمائی اور معاونت کرتے ہیں،جو میگا پراجیکٹس پایہ تکمیل کو پہنچے چاہے وہ میٹرو ہو یا اورنج لائن افسران و دیگر حکومتی اہلکاروں کی شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہیں،کپتان اپنی ٹیم کے بغیر کچھ نہیں کر سکتا۔ انہوںنے کہا کہ احتساب اور شفافیت کی آڑ میں افسران کو بلاوجہ ہراساں کرکے ان کی کارکردگی کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی،قومی خدمت ہمارا نصب العین ہے، اس امر میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت قبول نہیں،اللہ نے مجھے ایک بار پھر قوم کی خدمت کا موقع دیا ہے،میرا یہ عزم ہے کہ قابل افسران کے ساتھ یہ سفر شروع کروں،احتساب اور شفافیت لانے کیلئے قوانین کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی، سول سرونٹس حکومتی ٹیم کا حصہ ہوتے ہے ان کے خدشات کا تدارک بھی ضروری ہے۔اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب، مختلف محکموں کے سیکرٹریز ، سابقہ چیف سیکرٹری زاور مختلف محکموں کے سربراہوں نے مستقبل کے منصوبوں، موثر بیوروکریسی کے کردار اور عوام کو مختلف شعبوں میں ریلیف کے حوالے سے تجاویز بھی دیں۔