میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بھارت میں ہندومسلم فسادات،کرفیونافذ

بھارت میں ہندومسلم فسادات،کرفیونافذ

ویب ڈیسک
جمعه, ۶ مئی ۲۰۲۲

شیئر کریں

بھارت کے شہر جودھ پور میں عید الفطر کی تقریبات کے دوران ہندو مسلم فسادات کے باعث مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے جبکہ انٹر نیٹ سروسز بھی معطل کردی گئی ہیں۔جودھ پور میں عید الفطر کی تقریبات ہند و مسلم فسادات کی وجہ سے متاثر ہوئی ہیں، فسادات کی وجہ ‘مذہبی پرچم’ لہرانے کے تنازع کو قرار دیا گیا ہے۔ جھڑپوں کا تازہ سلسلہ اس وقت شروع ہوا تھا جب ہندو اور مسلم برادریوں کے ارکان نے جلوری گیٹ کے علاقے میں مذہبی پرچم لہرانے پر ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا۔رپورٹ میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ رات 11 بجے کے قریب پیش آیا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کا کہنا ہے کہ اس علاقے کے قریب جہاں نماز پڑھی جاتی ہے وہاں ہندو دیوتا پاراشورام کے جھنڈے تھے جبکہ جھنڈوں کو ہٹانے کے بارے میں تنازع پیدا ہوا کیونکہ مقامی مسلم کمیونٹی عید کے موقع پر ہر سال جھنڈا لگاتی ہے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے مزید کہا کہ جلوری گیٹ علاقے کے قریب ایک مسجد بھی واقع ہے اس لیے پولیس نے ہجوم کو وہاں جمع ہونے کی اجازت نہیں دی اور ہجوم کومنتشر کرنے کے دوران کشیدگی بڑھ گئی اور پتھراؤ کیا گیا۔ فسادات کے دوران علاقے میں نماز عید کے لیے نصب لاؤڈ اسپیکر بھی اتار دیے گئے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اس واقعے میں کم از کم پانچ پولیس اہلکاروں سمیت کئی دیگر افراد زخمی ہوئے۔ صبح عید کی نماز کے بعد جودھ پور میں دونوں برادریوں کے درمیان جھڑپوں کا ایک اور سلسلہ شروع ہوا جبکہ کچھ لوگوں نے جلوری گیٹ کے قریب پتھراؤ کیا۔ان جھڑپوں کے دوران فسادیوں نے کئی گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیے اور کئی اے ٹی ایم میں بھی توڑ پھوڑ کی اطلاعات موصول ہوئیں۔جھڑپوں اور فسادات کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ رات سے ہی انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی گئیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں