محکمہ بلدیات ،گریڈون میں بھرتی چوکیدارڈپٹی ڈائریکٹربن گیا
شیئر کریں
محکمہ بلدیات سندھ میں اندھیر نگری چوپٹ راج کی ایک اور مثال سامنے آگئی، گریڈ ایک میں چوکیدار بھرتی ہونا والا شخص ڈپٹی ڈائریکٹر (ٹیکس) بن گیا، وزیراعظم شکایتی سیل کو شکایت کے دوران بھانڈا پھوٹ گیا۔ جرأت کو موصول دستا ویز کے مطابق کراچی شہری حکومت کے شعبہ تعلیم میں سعد سلیم سال 2009 گریڈ ایک کا چوکیدار بھرتی ہوا ، سعدسلیم نے6 ماہ کے بعد ٹیکس ڈپارٹمنٹ میں تبادلہ کروا کے گریڈ 8 میں سب انسپکٹر کے طور پر ترقی حاصل کرلی، سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے مطابق چوکیدار کو سب انسپکٹر کے طور پر ترقی نہیں دی جاسکتی، سال 2016 میں سعد سلیم نے گریڈ 16 میںترقی حاصل کرلی اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکس تعینات ہوگئے، حکومت سندھ کے رولز کے مطابق سب انسپکٹر کو اسسٹنٹ کے طور پر گریڈ 16 میں ترقی نہیں دی جاسکتی۔ وزیراعظم شکایتی سیل کو شکایت کے بعدبھانڈا پھوٹ گیا اور سفارش کی کہ ڈپٹی ڈائریکٹر سعد سلیم کی تمام ترقی ختم کرکے گریڈ ایک میں چوکیدار تعینات کیا جائے۔ سندھ اینٹی کرپشن ضلع شرقی نے بھی سعد سلیم کے معاملے کی تحقیقات کی، لیکن وہ انکوائری بھی دبائی گئی، بعد میں ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن (سینٹرل ) نے لیٹر جاری کرکے تسلیم کیا کہ سعد سلیم نے غیر قانونی پرموشن حاصل کئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سعد سلیم ٹیکس وصولی یعنی بیٹر کے طور پر کام کرتے تھے، کام میں مہارت کی وجہ سے افسران نے سعد سلیم کو استعمال کرکے کروڑوں روپے بٹورے،سعد سلیم کی تعیناتی کے بعد بلدیہ وسطی میں اون ریسورس آمدنی کروڑوں روپے سے کم ہوکر لاکھوں روپے ہوگئی۔