اماراتی بندر گاہ پر حملے میں پاکستانی شہری زخمی، وزیراعظم کا اظہار تشویش
شیئر کریں
اپنے شہریوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کیلئے اماراتی حکام سے قریبی رابطے میں ہیں، شہبازشریف کا ایکس پر پیغام
وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کی خور فکان بندرگاہ کی جانب فائر کیے گئے میزائل، پروجیکٹائل دوران پاکستانی شہریوں سمیت دیگر کے زخمی ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے شہریوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کیلئے اماراتی حکام سے قریبی رابطے میں ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر ایک پیغام میں کہا کہ ہم اپنے شہریوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کے لیے اماراتی حکام سے قریبی رابطے میں ہیں۔
انہوں نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ پاکستان، متحدہ عرب امارات کے برادر عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور خطے میں تحمل اور کشیدگی کم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیتا ہے۔
یاد رہے کہ اماراتی میڈیا آفس نے بندرگاہ پر حملے کے بارے میں بتایا کہ کامیاب فضائی دفاعی انٹرسپشن سے گرنے والا ملبہ بندرگاہ پر آگ کا باعث بنا جس سے ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے کنٹرول کر لیا اور اس دوران ایک نیپالی شہری شدید زخمی ہوا جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ تین پاکستانی شہری زخمی ہوئے۔
اماراتی وزارت دفاع نے وضاحت کی کہ ملک بھر میں سنی جانی والی آوازیں میزائلوں اور ڈرونز کو ناکارہ بنانے کی وجہ سے ہیں۔متحدہ عرب امارات نے دعویٰ کیا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے متعدد ایرانی میزائل اور ڈرون روکے ہیں، فضائی دفاعی نظام فعال طور پر میزائل اور ڈرون خطرات کا مقابلہ کر رہا ہے۔


