پولیس افسر مفت افطاری نہ ملنے پر آپے سے باہر ، بیکری ملازم کو دھمکیاں
شیئر کریں
سندھ کے شہر حیدرآباد میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں افطاری کا سامان نہ دیئے جانے پر پولیس افسر نے بیکری ملازم کو دھمکیاں دی ہیں۔تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں مبینہ طور پر مفت افطاری نہ ملنے پر پولیس افسر آپے سے باہر ہو گیا، بیکری ملازم کو سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دیں، واقعے کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔ویڈیو میں نظر آنے والے پولیس افسر کی شناخت اختر کٹپر کے نام سے ہوئی ہے جو کہ مختلف تھانوں میں ایس ایچ او رہ چکا ہے۔ اختر کٹپر کا موقف بھی سامنے آ گیا ہے، پولیس افسر نے کہاکہ میں نے مفت میں سامان کا نہیں کہا، بیکری میں آدھا سامان دے کر رقم پوری لی گئی تھی۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتاہے کہ ایس ایچ او خالد بیکری ملازم غفار ہاجانو کو کہتا ہے کون ہو تم، سب چور ہو تم لوگ، میں نے کئی لوگوں کو پکڑا ہے جی آر او کالونی میں، سیری اور مٹیاری کی ہاجانو برادری کو جانتا ہوں، ایسے جوتے ماروں گا کہ زندگی بھر یاد رکھو گے، وہ حال کروں گا کہ رات کو گھر بھی نہیں جا پائو گے، کیا سمجھتے ہو تم خود کو سب چور ہو۔پولیس افسر نے کہا تم نے کیسے کہہ دیا کہ روزہ کھولنے کے لیے سامان نہیں ہے، جا اپنے وڈیروں کو لے کر آ، سب کو جانتا ہوں، مہمان میرے گھر بیٹھے ہیں اور یہ کہتا ہے کہ سامان نہیں ہے۔