میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ادارہ فراہمی و نکاسی آب ، بقایا جات کی عدم ادائیگی ، ٹھیکیدارمشتعل

ادارہ فراہمی و نکاسی آب ، بقایا جات کی عدم ادائیگی ، ٹھیکیدارمشتعل

ویب ڈیسک
منگل, ۶ اپریل ۲۰۲۱

شیئر کریں

( رپورٹ: جوہر مجید شاہ) ادارہ فراہمی و نکاسی آب رمضان المبارک سے پہلے بقایا جات کی عدم ادائیگی پر مشتعل ٹھیکیداروں نے قانون ہاتھ میں لے لیا، پیٹرول چھڑک کر نہ صرف واٹر بورڈ کے دفتر کو نذر آتش کیابلکہ حد سے تجاوز کرتے ہوئے چیک سیکشن کے افسران پر بھی تشدد سمیت انھیں زندہ جلانے کی کوشش بھی کی،اس کھلی لاقانونیت کے باعث دفتر کا قیمتی ریکارڈ جل کر خاکستر، دوسری طرف سیکورٹی کے عملے کی بروقت کارروائی سے خوفزدہ ملازمین نے دروازہ توڑ کر بمشکل جان بچائی۔ ادھر موقع واردات سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اس دہشت و وحشت کے مرکزی کرداروں میں جنھوں نے دفتر کو نذر آتش سمیت خوفزدہ ملازمین کو زندہ جلانے کی کوشش کی، اس عمل سے ملازمین کو اپنی جان بچانا مشکل ہوگئی۔ ان میں قابل ذکر ایم اسماعیل اور بلال نامی ٹھیکیدار ہیں۔ مذکورہ ٹھیکیدار وں کو موقع سے پکڑ کر حوالہ پولیس کردیا گیا۔ دوسری طرف اس افسوسناک واقعے کی اطلاع ملنے پر منیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے تشویش اور اظہار برہمی کیساتھ ملوٹ و مرتکب عناصر کے خلاف سخت ترین قانونی و محکمہ جاتی کارروائی کا حکم جاری کردیا، ساتھ سیکورٹی گارڈز کی بروقت کارروائی کو بھی سراہا اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام اور سدباب کیلئے بھی ہدایات جاری کیں۔ ادھر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کا واقعہ کی شدید مذمت،ملوث ٹھیکیداروں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ہیڈ آفس میں واقع چیک سیکشن کو نشے میں دھت دو ٹھیکیداروں نے پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی،گل صواب کمپنی اور ایم اسماعیل نامی فرم کے ٹھیکیدار بلال اور اسماعیل گزشتہ روز واٹر بورڈ چیک سیکشن میں اپنے بلوں کے چیک لینے پہنچے، محکمے کے افسران نے وجہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ چیک ابھی تک پراسس میں ہے، جواب سنتے ہی مذکورہ ٹھیکیداروں نے گالیاں دینا شروع کردیں۔اس موقع پر ایک ٹھیکیدار پیٹرول کا ڈرم لیکر پہنچا اور چیک سیکشن کے دفتر پر چھڑک کر آگ لگادی جس سے آگ فوری طور پر پھیلنے لگی، اس موقع پر دفتر میں موجود افسران بمشکل دروازہ توڑ کر دفتر سے باہر نکلے اور دفتر میں زبردست بھگدڑ مچ گئی ،واٹر بورڈ ہیڈ آفس میں موجود سیکورٹی عملے نے بروقت کارروائی کرکے بمشکل آگ پر قابوں پایا اور افسران کو دفتر سے نکالنے میں مدد کی،تاہم اس موقع پر مذکورہ دونوں ٹھیکیداروں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔سرکاری دفتر میں آگ لگائے جانے سے محکمہ فنانس چیک سیکشن کا اہم ریکارڈ جل کر خاکستر ہوگیا ہے،واقعہ کی اطلاع ملنے پر ایم ڈی واٹر بورڈ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملوث ٹھیکیداروں کیخلاف قانونی کارروائی کا حکم دیدیا ہے ،واٹر بورڈ ذرائع کے مطابق مذکورہ دونوں ٹھیکیدار ایم اسماعیل اور ایم بلال پولیس کی حراست میں ہیں،جن کیخلاف ایف آئی آر کا اندراج کرایا گیا ہے،واٹر بورڈ ہیڈ آفس میں پیش آنے والے واقعہ کی کراچی کی کنٹریکٹرز ایسوسی ایشنز نے سخت مذمت کرتے ہوئے ملوث ٹھیکیداروں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی اپیل کی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں