او آئی سی کی مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے سفاکانہ ڈومیسائل قانون کی مذمت
ویب ڈیسک
پیر, ۶ اپریل ۲۰۲۰
شیئر کریں
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے انسانی حقوق کے ذیلی ادارے نے بھارتی حکومت کے نئے ڈومیسائل قانون ”جموں و کشمیر تنظیم نو آرڈر 2020” کو غیر قانونی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق او آئی سی کے آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن (آئی پی ایچ آر سی)نے ٹوئٹ میں کہا کہ وہ اس نئے قانون کے نفاذ کی مذمت کرتا ہے جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادیاتی اور جغرافیائی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔کمیشن نے اسے بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل اور او آئی سی کی قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی تنظیم، بھارت سے سفاکانہ قوانین منسوخ کرنے اور خطے میں اس کی انسانی حقوق کی پامالیوں کو بند کرنے کا مطالبہ کرتی ہے ۔