میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ میں رینجرز کے قیام اور خصوصی اختیارات میں 3 ماہ کی توسیع

سندھ میں رینجرز کے قیام اور خصوصی اختیارات میں 3 ماہ کی توسیع

ویب ڈیسک
هفته, ۶ اپریل ۲۰۱۹

شیئر کریں

سندھ حکومت نے رینجرز کے قیام اورخصوصی اختیارات میں تین ماہ کی توسیع کردی ہے ۔تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے رینجرز کے خصوصی اختیارات میں 90 روز کی توسیع کردی، رینجرز اختیارات میں توسیع محکمہ داخلہ کی سفارش پر کی گئی جس کی منظوری وزیراعلیٰ سندھ نے دے دی۔رینجرز اختیارات میں توسیع 6 اپریل سے 4 جولائی 2019 تک کی گئی ہے ، محکمہ داخلہ سندھ نے مراسلے کے ذریعے وفاقی وزارت داخلہ کو آگاہ کردیا۔خصوصی اختیارات میں توسیع انسداد دہشت گردی کی شق 4 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت کی گئی ہے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مشیر برائے اطلاعات، قانون و اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضی وہاب نے ایک بیان میں غیر ملکی خبر کو قطعی بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان رینجرز سندھ میں بدستور اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہے ، رینجرز فرائض میں تبدیلی کا ذکر حقائق کے بالکل منافی اور صریحاً بے بنیاد ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اسی ہفتے رینجرز سندھ کے خصوصی اختیارات میں توسیع کی سمری کی منظوری دی ہے ۔واضح رہے کہ برطانوی نشریاتی ادارے نے گزشتہ روز خبر دی تھی کہ پاک بھارت سرحد پر کشیدہ صورتحال کے پیش نظرکراچی سے رینجرز کے دستے ہٹاکر سرحدوں پر بھجوائے گئے ہیں۔پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے خبر کی تردید کردی گئی تھی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں