ادارہ ترقیات، ڈی جی آصف صدیقی اربوں کی اراضی کے تحفظ میں ناکام
شیئر کریں
کورنگی، گلستان جوہر، فیڈرل بی ایریاکی قیمتی اراضی کی دستاویزات میں ہیر پھیر
ملوث افسران نے تحقیقاتی کمیٹی ٹھوکر پر رکھ لی، آصف صدیقی ایکشن نہ لے سکے
ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے آصف جان صدیقی شہرکی اربوں روپے کی قیمتی اراضی کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔ کے ڈی اے کے قریبی ذرائع کے مطابق قیمتی زمینوں کے ریکارڈ میں ہیر پھیر کرنے میں ملوث سسٹم سے جڑے افسران نے ڈی جی کی جانب سے بنائی جانے والی تحقیقاتی کمیٹی کے احکامات ردی کی ٹوکری کی نذر کردیے، متعدد بار طلبی کے نوٹس کے باوجود نہ تو کوئی افسر کمیٹی کے سامنے پیش ہوکر ریکارڈ جمع کرانے آیا نہ ہی بیان دے رہا ہے ۔کمیٹی کے چیئرمین و اراکین تمام دن افسران کا انتظار کرنے کے بعد شام کو صورتحال سے ڈی جی کو آگاہ کررہے ہیں تاہم آصف جان صدیقی مذکورہ افسران کے خلاف ایکشن لینے سے گریزاں ہیں ۔ذرائع کا مطابق کورنگی، گلستان جوہر، فیڈرل بی ایریا سمیت مختلف علاقوں میں قیمتی اراضی کی دستاویزات میں ہیر پھیر کے انکشاف پر ادارے میں 19گریڈ کے سینئر افسر شکیل احمد خان کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دے کر تحقیقات کی ہدایت کی تھی ۔کمیٹی نے ابتدائی تحقیقات کے بعد مذکورہ علاقوں میں تعینات کے ڈی اے کے افسران کو بیان دینے ریکارڈ سمیت طلب کیا تھا ۔ذرائع کے مطابق کمیٹی افسران کو طلبی کے اب تک 7سے زائد لیٹر جاری کرچکی ہے تاہم نہ تو کوئی افسر کمیٹی کے سامنے پیش ہوا نہ ہی ڈی جی ادارہ ترقیات کراچی اس سلسلے میں کوئی ایکشن لینے کو تیار نظر آرہے ہیں۔


